تحریک انصاف ایجوکیشنل ریفامز کے ذریعے شعبہ تعلیم میں مثبت تبدیلی لا رہی ہے‘مراد راس

نئے پاکستان کا سب سے اہم ایجنڈا فروغ تعلیم ہے ،کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں

ہفتہ 1 دسمبر 2018 17:23

تحریک انصاف ایجوکیشنل ریفامز کے ذریعے شعبہ تعلیم میں مثبت تبدیلی لا رہی ہے‘مراد راس
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے کہا ہے کہ نئے پاکستان کا سب سے اہم ایجنڈا فروغ تعلیم ہے ،اس حوالے سے قوم کے معماروں کو کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ، پاکستان تحریک انصاف ایجوکیشنل ریفامز کے ذریعے شعبہ تعلیم میں مثبت تبدیلی لا رہی ہے۔

یہ بات انہوں نے ایک نجی تعلیمی ادارے کی جانب سے الحمرا ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں ابتدائے بچپن کی تعلیم حاصل کرنے والے ننھے بچوں کے والدین نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے دوران ننھے بچوں نے ٹیبلو اور مختلف سرگرمیوں کا مظاہرہ کیا۔صوبائی وزیر مراد راس نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے 100روزہ ایجنڈے کی روشنی میں محکمہ سکولز ایجوکیشن فروغ تعلیم کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ سکولز ایجوکیشن کے فیلڈ سٹاف کی استعداد کار میں اضافے کیلئے جامع پلان پر عمل کیا جا رہا ہے تا کہ سو فیصد شرح داخلہ کا حصول ممکن ہو۔بعد ازاںصوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے ایوان اقبال میں ایک نجی تعلیمی ادارے کی جانب سے سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچے ہمارا روشن مستقبل ہیں۔انہوں نے کہا کہ علم حاصل کرنے والے تمام بچے حکومت کی ذمہ داری ہے اورہمارا عزم ہے کہ ان کو بہترین تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

صوبائی وزیر مراد را س نے کہا کہ گورنمنٹ سکولوں کے بچوں کو ایلیٹ پرائیویٹ سکولوں جیسا ماحول فراہم کریں گے تا کہ وہ زندگی کے ہر امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کر کے ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔وزیر اعظم عمران خان کے 100روزہ پلان کے تناظرمیں --’’دی نیو ڈیل فار پنجاب‘‘کے عنوان سے مستقبل کی تعلیمی حکمت عملی کو جلد عملی جامہ پہنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری سکولوں میں عالمی معیار کے تعلیمی ماڈلز متعارف کروائیں گے۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مرا د راس نے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبا و طالبات میں اعزازی شیلڈز اور انعامات تقسیم کئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں