شوبز حلقوں کانا معلوم افراد کی دھمکیوں کے بعد اداکار بابر علی کے ملک چھوڑنے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار

حکومت فنکاروں کو تحفظ فراہم کرے ،اس کیس کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو متحرک کیا جائے

اتوار 2 دسمبر 2018 12:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2018ء) شوبز حلقوں نے نا معلوم افراد کی سنگین دھمکیوں کے بعد اداکار بابر علی کے ملک چھوڑنے کی اطلاعات پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے حکومت سے اس کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

اداکار افضل خان ، ثناء ، شان ، احسن خان ، شفقت چیمہ ، میرا ، افتخار ٹھاکر، نسیم وکی سمیت دیگر نے اس حوالے سے اپنے رد عمل میں کہا کہ اس سے قبل بھی فنکاروں کے ساتھ نا خوشگوار حادثات پیش آ چکے ہیں اس لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان دھمکیوں کو سنجیدگی سے لینا چاہیے اور ملزمان کو بے نقاب کیا جائے ۔

شوبز حلقوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی اطلاعات سے معاشرے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جن کا سد باب کیا جانا چاہیے ۔ حکومت کو چاہیے کہ فنکاروں کو تحفظ فراہم کیا جائے اور اس کیس میں پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متحرک کیا جائے تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بابر علی نا معلوم افراد کی جانب سے ملنے والی سنگین دھمکیوں کے بعد پاکستان سے امریکہ روانہ ہو گئے ہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں