وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی ملاقات، نئے پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق

بلوچستان میں کارڈیالوجی سینٹر اور چلڈرن ہسپتال بنانے میں تعاون کریں گے،صوبوں کے درمیان یکجہتی کو فروغ دیا جائے گا ‘عثمان بزدار بزدار قبیلے کے عمائدین نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو مسائل سے آگاہ کیا،وزیراعلیٰ بلوچستان کی عمائدین کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

اتوار 2 دسمبر 2018 18:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیر اعلیٰ آفس لاہور میں بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال خان نے ملاقات کی جس میںباہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا اوردونوں وزرائے اعلیٰ نے نئے پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مل کرنیا پاکستان بناناہے اور وزیراعظم عمران خان کے نئے پاکستان میں عام آدمی خوشحال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت دیگر صوبوں کی ترقی کی بھی خواہاں ہے۔ نئے پاکستان میں بلوچستان کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے اور بلوچستان میرے دل کے بہت قریب ہے ۔

(جاری ہے)

بلوچستان میں کارڈیالوجی سینٹر اور چلڈرن ہسپتال بنانے میں تعاون کریں گے اوربلوچستان کی تعمیر و ترقی کیلئے جو کچھ ہوا کریں گے ۔

پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کیلئے مل کر آگے بڑھیں گے اورصوبوں کے درمیان یکجہتی، ہم آہنگی او ربھائی چارے کو فروغ دیا جائے گا کیونکہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے ملکر کام کرنے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طلبا و طالبات کیلئے پنجاب کے تعلیمی اداروںمیں خصوصی کوٹہ مقرر کیا گیا ہے اور بلوچستان کے طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کیلئے وظائف فراہم کئے گئے ہیں۔

پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بلوچستان کے زیر تعلیم طلبا و طالبات کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کریں گے۔ وزیر اعلیٰ جام کمال خان نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو بلوچستان کے دورے کی دعوت دی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں بلوچستان کے طلبا و طالبات کی بڑی تعداد زیر تعلیم ہے اور پاکستان ہم سب کا سانجھا ملک ہے او رہم وطن کی ترقی کیلئے ایک ہیں ۔

وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا، سینیٹر انوارالحق کاکڑ اور پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر راحیل صدیقی بھی اس موقع پر موجود تھے۔دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے وزیراعلیٰ پنجاب کے آفس میں بزدار قبیلے کے عمائدین نے طور خان بزدار کی قیادت میں ملاقات کی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بھی اس موقع پر موجود تھے۔

بزدار قبیلے کے عمائدین نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو مسائل سے آگاہ کیا۔ بزدار قبیلے کے عمائدین نے ضلع بارکھان میں چھپر تا کھرڑ بزدار تک 14 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر و مرمت کا مطالبہ کیا۔عمائدین نے ضلع بارکھان میں بواٹہ سے براستہ مہمد صمند تا کھر ڑ بزدار سڑک کی تعمیر و مرمت کا بھی مطالبہ کیا۔عمائدین نے بستی حیات محمد، بستی ماربل اور ضلع موسیٰ خیل کی بستی دودر رحمت خان میں بجلی کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بزدار قبیلے کے عمائدین کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آپ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔بزدار قبیلے کے عمائدین نے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر وزیراعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں