وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارکا خصوصی افراد کے حقوق کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

اتوار 2 دسمبر 2018 18:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے خصوصی افراد کے حقوق کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن منانے کا مقصدخصوصی افراد کو ملک کا مفید شہری بنانے کیلئے مربوط اقدامات کرنا ہے۔ دین اسلام میںخصوصی افراد کی عزت و تکریم اور ان کا خیال رکھنے کا خصوصی طور پر حکم دیا گیا ہی- خصوصی افراد کے حقوق کیلئے کام کرنا ہماری اخلاقی، سماجی اور مذہبی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو معاشرے میںبا وقار مقام دلانے کیلئے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا کردارادا کرنا ہے کیونکہ خصوصی افراد اپنے عزم ، حوصلے اور جذبے سے زندگی کے نامساعد حالات کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افرادسماج کیلئے بوجھ نہیں بلکہ یہ بوجھ بانٹنے کیلئے اپنی صلاحیتیں استعمال کر رہے ہیں اور ہم سب کو زندگی کی مصروفیات سے وقت نکال کر خصوصی افراد کی مدد کیلئے وقت نکالنا چاہیئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کوتعلیم و تربیت کی بہترین سہولیات فراہم کر کے انہیں معاشرے کا مفید شہری بنایا جاسکتا ہے اور خصوصی افراد کے حقوق کیلئے کئے جانے والے اقدامات قوم کے اخلاقی اور معاشرتی اقدار کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کی بحالی اورنگہداشت کیلئے اقدامات حکومتی ترجیحات میں اولین ہیںاورنئے پاکستان میں خصوصی افراد کو ان کے تمام بنیادی حقوق کی فراہمی کیلئے پالیسی وضع کی جا رہی ہے اور خصوصی افراد کو مساوی ترقیاتی مواقع دینا کسی بھی معاشرے کے صحت مند ہونے کی دلیل ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں خصوصی افراد کے حوالے سے سماجی،معاشی اورثقافتی وقار کا شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے اوریہ دن منانے کا مقصد خصوصی افراد کے معاشی و سماجی حقوق سے متعلق لوگوں میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں میں خصوصی افراد کو مساوی ترقیاتی مواقع فراہم کرنے کیلئے کوششیں تیز کرنی چاہئیںاورہمیں اس امر کاعزم کرنا ہے کہ خصوصی افراد کی فلاح وبہبود کیلئے موثر انداز میںکوششوں کی جائیں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں