ہائیکورٹ نے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل کا اسپیشل الائونس نہ بڑھانے کیخلاف کیس میں سیکریٹری فنانس ،پراسیکیوشن کو پرسوں طلب کر لیا

جن کے الائونس میں زیادہ اضافہ کیا گیا، وہ کونسا راکٹ چلا رہے تھے جو درخواست گزار نہیں چلا سکا‘جسٹس علی اکبر قریشی کا اظہار برہمی

پیر 3 دسمبر 2018 15:05

ہائیکورٹ نے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل کا اسپیشل الائونس نہ بڑھانے کیخلاف کیس میں سیکریٹری فنانس ،پراسیکیوشن کو پرسوں طلب کر لیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل کا اسپیشل الائونس نہ بڑھانے کے خلاف کیس میں سیکریٹری فنانس اور پراسیکیوشن کو پرسوں (بدھ ) طلب کر لیا ۔ جسٹس علی اکبر قریشی نے ڈپٹی پراسکیوٹر شہباز بھٹی سمیت دیگر کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر جنرل،ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل اور اسٹنٹ پراسیکیوٹر کے 15000 ہزار تک الائونسز بڑھائے گئے ہیں جبکہ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل کا صرف 5 ہزار تک بڑھایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت کی جانب ڈپٹی پراسیکیوٹر کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے،معزز عدالت سے استدعا ہے کہ ڈپٹی پراسیکیوٹر کا اسپیشل الائونس قانون کے مطابق بڑھانے کا حکم دیا جائے ۔جسٹس علی اکبر قریشی نے الائونس کے اضافے میں امتیازی سلوک پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ جن کے الائونس میں زیادہ اضافہ کیا گیا، وہ کونسا راکٹ چلا رہے تھے جو درخواست گزار نہیں چلا سکا۔درخواست گزار کے ساتھ امتیازی سلوک برداشت نہیں کیا جائیگا۔عدالت نے سیکریٹری فنانس اور پراسکیوشن کو 5 دسمبر کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں