فیاض الحسن چوہان کے سامنے تقریب میں نوازشریف حکومت کی تعریفیں

نوجوان کی نوازشریف حکومت کی تعریفوں کے بعد تقریب بدمزگی کا شکار، فیاض الحسن چوہان آگ بگولہ ہوگئے، پاکستان کسی کے باپ کی جاگیر نہیں ہے، میں کسی سے گھبرانے کا والا نہیں ہوں۔وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا جواب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 6 دسمبر 2018 15:04

فیاض الحسن چوہان کے سامنے تقریب میں نوازشریف حکومت کی تعریفیں
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06 دسمبر 2018ء) وزیراطلاعات ونشریات پنجاب فیاض الحسن چوہان کے تقریب سے خطاب کے دوران بدمزگی پیدا ہوگئی، تقریب میں نوجوان نے سابق وزیراعظم نوازشریف حکومت کی تعریفیں شروع کردیں، جس پر وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان آگ بگولہ ہوگئے اور نوجوان سے کہا کہ ملک کسی کے باپ کی جاگیرنہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراطلاعات ونشریات پنجاب فیاض الحسن چوہان آج یہاں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے کہ تقریب میں اس وقت بدمزگی پیدا ہوگئی جب ایک تقریب کے شرکاء میں ایک نوجوان نے کھڑے ہوکر شریف فیملی کی حکومت بہترین حکومت قرار دینا شروع کردیا ہے۔

نوجوان نے کہا کہ موجودہ حکومت سے سابق وزیراعظم نوازشریف کی حکومت ٹھیک تھی۔ نوازشریف حکومت کی تعریف کرنے پر فیاض الحسن چوہان آگ بگولہ ہوگئے۔

(جاری ہے)

جس پر فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پاکستان کسی کے باپ کی جاگیر نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ میں کسی سے گھبرانے کا والا نہیں ہوں۔ دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ماڈل ٹائون کیس پر اب جے آئی ٹی کی غیر جانبدار تفتیش سامنے آئے گی اور آلِ شریف کو اس کیس میں پھانسی کا پھندہ نظرآرہا ہے،شہباز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر لیگی کارکن جارحیت کے موڈ میں آئے اور جھگڑا شروع کیا جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن پر اب غیرجانبدار اور آزادانہ جے آئی ٹی بنی ہے، جے آئی ٹی آل شریف کی چھیڑ بن چکی ہے اب انہیں ماڈل ٹان کیس میں پھانسی کا پھندا نظر آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک کرپشن اور بددیانتی کا سلسلہ چل رہا تھااور ان کی جانب سے خود کو مظلوم بناکر پیش کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ۔

آج احتساب عدالت کے باہر کوشش کی گئی کہ کارکنان کو مروائیں اورپھر لاشوں پر سیاست کریں۔ عدالت کے باہر اسی منصوبہ بندی کے تحت حمزہ شہباز نے تدبیر اختیار کی جو ان کے منہ پر پڑی۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ماڈل ٹائون پر ان لوگوں نے جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ کو باہر نہیں آنے دیا، جب رپورٹ باہر آئی تو وہ مینڈیٹ نہیں دیا جس پر عملدرآمد ہو، اب جو جے آئی ٹی بنی ہے اس سے غیر جانبدار تفتیش ہوگی جو سب کے سامنے آئے گی۔

تحریک انصاف کے دھرنے کے دوران پی ٹی وی پر حملے سے متعلق سوال پر صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی وی پر حملہ ایک سازش کے تحت کیا گیا۔ ان لوگوں نے مظاہرین میں اپنے بندے شامل کرا کے حملہ کیا۔ پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں عدالت جو فیصلہ کرے گی وہ منظور ہوگا۔آصف زرداری سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی حیثیت سڑک پر بیٹھے نجومی کی رہ گئی ہے، پیپلزپارٹی اب ساڑھے تین سو ووٹوں کی پارٹی رہ گئی ہے جس کا کریڈٹ ایک زرداری سب پہ بھاری کے نعرے کو جاتا ہے۔

انہوںنے کہا کہ فالودے اور قلفی والوں کے جتنے جعلی اکائونٹس مل رہے ہیں سب زرداری کے ہیں، انہیں اومنی کی صورت میں موت نظر آرہی ہے، ایان علی وعدہ معاف گواہ بننے کو تیار ہے، انہیں اب پکڑ نظر آرہی ہے تو نجومیوں کی طرح پیش گوئیاں کررہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں