پاکستان کی ترقی کے لئے نوجوانوں کا کردار اہمیت کا حامل ہی: فیاض الحسن چوہان

نوجوانوں نے تبدیلی کے لئے ہر موقع پر وزیراعظم کا ساتھ دیا اب موقع آگیا ہے انہیں قومی دھارے میں شامل کیا جائے حکومت فنکاروں کو سہولیات دینے کے لیے سنجیدگی سے کوشش کر رہی ہے ، فنکاروں کو ہیلتھ کارڈ دئیے جائیں گے تھیٹر مافیا کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ کسی طرح کی کرپشن کی اجازت اب نہیں ملے گی ، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت کا کتاب کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعرات 6 دسمبر 2018 22:48

پاکستان کی ترقی کے لئے نوجوانوں کا کردار اہمیت کا حامل ہی: فیاض الحسن چوہان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ دیرپا ترقی کے لئے نوجوانوں کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب نوجوانوں کو ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے بہت اہم سمجھتے ہیں.ان خیالات کا اظہار پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے ٹائون ہال میںنیشنل یوتھ اسمبلی کے پہلے علامتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے مستقبل کی قائد سازی کے لئے نیشنل یوتھ اسمبلی کو بہترین پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نوجوانوں کو مرکزی دھارے میں لانے کے لئے انقلابی اقدامات کرے گی۔میٹروپولیٹن کارپوریشن ہال لاہور میں نیشنل یوتھ اسمبلی کے آئندہ سال کے پہلے یوتھ پارلیمانی اجلاس کی تقریب حلف برداری سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نیشنل یوتھ اسمبلی کو مستقبل کے قائدین کی تیاری کے لئے اپنے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا نیشنل یوتھ اسمبلی نے صیح معنوں میںاس فورم کو نوجوانوں کے لئے سنگ میل بنادیا۔نیشنل یوتھ اسمبلی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کاکہنا تھا کہ یوتھ پارلیمنٹ نوجوانوں کو معاشرے میں اپنی صلاحیتوں کے بہترین اظہار اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتی ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ نیشنل یوتھ اسمبلی مستقبل میں پاک سرزمین کو بہترین قائد فراہم کرے گی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت نے نومنتخب اراکین یوتھ اسمبلی سے ان کے عہدے کا حلف لیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اجلاس میں صوبائی وزیرراجہ راشد حفیظ، پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے چیئرمین ایم پی اے واثق قیوم عباسی، نیشنل یوتھ اسمبلی کے صدر حنان علی عباسی، نیشنل یوتھ اسمبلی کے نومنتخب صوبائی قائد زوہیب خان نیازی اور ڈپٹی قائد میاں عبداللہ بھی شامل تھے۔

بعد ازاں پلاک میں معروف فلم ہدایتکار پرویز کلیم کی کتاب رنگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ آج حکومت کو تقریبا سو دن مکمل ہو گئے ہیں۔ اس دوران میں نے اپنی منسٹری میں پنجاب کی ثقافت میں بہتری کے لیے قریبا اڑھائی سو ملاقاتیں کی ہیں۔ حکومت فنکاروں کو سہولیات دینے کے لیے سنجیدگی سے کوشش کر رہی ہے، شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد کو مراعات دی جائیں گی۔

فنکاروں کو ہیلتھ کارڈ دئیے جائیں گے۔سیاست کی طرح ثقافت سے بھی ہر طرح کے مافیا کو ختم کرنے کے لیے محکمہ ثقافت دن رات کوشاں ہے۔ پنجاب حکومت اپنی قومی ثقافت کو فروغ دینے کا عزم رکھتی ہے۔ ہم پنجاب میں کسی طور غیر ملکی ثقافت کو پروان نہیں چڑھائیں گے۔ بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی کے حق میں ہوں۔ ثقافت صرف ناچ گانے کا نام نہیں ہے۔ الحمرا سے مافیا کاخاتمہ کر کے رہیں گے۔

الحمرا میں ایک نیا سسٹم بنایا ہے جس سے مافیا کو روکا جائے گا۔ میں تھیٹر مافیا کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ کسی طرح کی کرپشن کی اجازت اب نہیں ملے گی۔ دو ماہ سے زیادہ کسی کو ہال کی بکنگ نہیں کروانے دیں گے۔ میں پرویز کلیم صاحب کو اس کتاب کی اشاعت پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ کلم کار بہت قابل احترام ہوتا ہے۔ ہمارا مقصد پرویز کلیم، شان، نشو بیگم، اور سیدنور صاحب جیسے لوگوں کو پروموٹ کرنا ہے نا کہ بھارتی فنکاروں کو۔ میرا خواب تھا کہ فنکاروں کے لیے الحمرا آرٹس کونسل کے تحت چار سال کی ڈگری دی جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں