پاکستان نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو شکست دی ،لاہور کی ثقافت دلکش ہے، فیا ض الحسن چوہان

جمعہ 7 دسمبر 2018 20:43

پاکستان نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو شکست دی ،لاہور کی ثقافت دلکش ہے، فیا ض الحسن چوہان
لاہور۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2018ء) صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت فیا ض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ رنگ آف پاکستان کی جانب سے ریسلنگ کے فروغ کیلئے کئے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں، مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ ان اقدامات سے عالمی برادری کو یہ پیغام جا رہا ہے کہ پاکستان میں کوئی دہشت گرد نہیں ہے، ہماری قوم نے اپنی فوج کے ساتھ مل کرانتہا پسندی کو شکست دی اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں عالمی برادری کاکھل کے ساتھ دیا ہے، میں رنگ آف پاکستان اور آپ سب ریسلرز کو یقین دلاتا ہوں کہ پنجاب حکومت صوبے میں ریسلنگ کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو الحمرا ء میں رنگ آف پاکستان کے زیر اہتمام عا لمی ریسلرز کے وفد سے ملاقات میں کیا، وفد میں 16 کے قریب عالمی ریسلرز اور رنگ آف پاکستان کے آفیشلز شامل تھے، صوبائی وزیر نے عالمی ریسلرز کو لاہور میں ان کی آمد پر خوش آمدید کہا، ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل ریسلرز کی آمد ہمارے لئے باعث مسرت و افتخار ہے، اس موقع پر دوسرے ممالک سے آئے ریسلرز نے صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت اور لاہور کے عوام کا شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ ہم لاہوریوں کے حسن سلوک اور مہمان نوازی سے بہت متاثر ہوئے ہیں، پاکستا ن آکر ہمیں دلی خوشی ہوئی ہے، خصوصا لاہور کی ثقافت دلکش ہے، رنگ آف پاکستان کے آفیشلز نے اپنے مسائل صوبائی وزیر کو بتائے جن کو ہر ممکن حد تک حل کروانے کی فیاض الحسن چوہان نے یقین دہانی کروائی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں