ملک بھر میں ہونے والے حالیہ عام انتخابات صاف اور شفاف تھے اور دھاندلی کا کوئی امکان ظاہرنہیں ہوا‘چوہدری محمد سرور

تحریک انصاف کی حکومت بلدیاتی نظام میں ترامیم لا رہی ہے جس کے تحت بلدیاتی اداروں کو مالی اور انتظامی لحاظ سے با اختیار بنایا جائے گا اور ترقیاتی فنڈز کا 30 فیصد بجٹ ویلیج کونسلز کو دیا جائے گا‘گورنر پنجاب کا تقریب سے خطاب

جمعہ 7 دسمبر 2018 21:53

ملک بھر میں ہونے والے حالیہ عام انتخابات صاف اور شفاف تھے اور دھاندلی کا کوئی امکان ظاہرنہیں ہوا‘چوہدری محمد سرور
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ہونے والے حالیہ عام انتخابات صاف اور شفاف تھے اور دھاندلی کا کوئی امکان ظاہرنہیں ہوا، الیکشن کمیشن پاکستان نے بڑی محنت ، ایمانداری اور غیر جانبداری سے الیکشن کا انعقاد کرایا، یورپ میں بھی گوگل کا اتنا بہترین سسٹم نہیں جو پاکستان میں استعمال کیا گیا ،اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے بغیر ترقی نہیں کی جا سکتی۔

مرکز نے صوبوں کو اختیارات منتقل کئے مگر بد قسمتی سے صوبوں نے اختیارات بلدیاتی نمائندوں کو نہیں دئیے ، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بلدیاتی نظام میں ترامیم لا رہی ہے جس کے تحت بلدیاتی اداروں کو مالی اور انتظامی لحاظ سے با اختیار بنایا جائے گا اور ترقیاتی فنڈز کا 30 فیصد بجٹ ویلیج کونسلز کو دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاس لاہور میں قومی ووٹرز ڈے کے حوالے سے منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب میں صوبائی الیکشن کمشنر ، ممبر الیکشن کمیشن جسٹس (ر) الطاف ابراہیم قریشی ، جسٹس (ر) ناصرہ جاوید کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران ، غیر سرکاری تنظیموں اور شہریوں نے شرکت کی ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ قومی ووٹرز ڈے منانے کا مقصد شہریوں کو ووٹ کے اندراج کا شعور اجاگر کرنا ہے تاکہ وہ اپنا حق رائے دہی استعمال کر کے اپنے نمائندے چن سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ نئے انتخابی قوانین کے مطابق اب ووٹ کا اندراج قومی شناختی کارڈ پر دئیے گئے مستقل یا عارضی پتہ پر ہی ممکن ہے ۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ 31 دسمبر سے پہلے اپنے ووٹ کے کوائف تصدیق کروا لیں ۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں ، سول سوسائٹی ، این جی اوز اور میڈیا پر بھی زور دیا کہ وہ عوام میں ووٹ کی اہمیت کا شعور اجاگر کریں ۔ گورنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے حالیہ انتخابات میں ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے پولنگ اسٹیشنوں کو گوگل سسٹم سے منسلک کیا جو کہ قابل تحسین ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی پاکستان الیکشن کمیشن انتخابات میں جدید ٹیکنالوجی کو برئے کار لاتے ہوئے انتخابی عمل میں مزید جدت لائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں سمندر پار پاکستانیوں کو حق رائے دہی کے استعمال کے لئے انٹر نیٹ ووٹنگ کا کامیاب تجربہ کیا اور وقت کے ساتھ ساتھ اس نظام میں مزید بہتری لائی جائے گی۔تقریب سے صوبائی الیکشن کمشنر ، ممبر الیکشن کمیشن پاکستان جسٹس (ر)الطاف ابراہیم قریشی ، جسٹس (ر)ناصرہ جاوید اقبال نے بھی خطاب کیا ۔

دریں اثنا، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاس لاہور میں لندن کی کونسل میئر ہنسلو سمیعہ چوہدری نے گورنر ہاس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دل چسپی کے امور کے علاوہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے تبادل خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی کمیشن کو از سرِنومتحرک کیا ہے اور یہاں پر ایماندار اور قابل افسران کو تعینات کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں، گھروں اورکاروبار سے متعلق مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کی معیشت کو مضبوط اور مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خاں کی قیادت میں حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی غیر ممالک میں پاکستان کے سفیر ہیں ۔اس موقع پر سمیعہ چوہدری نے کہا کہ وہ پہلی مسلم خاتون ہیں جولندن کی کونسل میئر ہنسلو منتخب ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جمہوری روایات کو آگے بڑھانے کے لئے اقدامات کررہی ہے جو قابل تحسین ہے۔بعد ازاں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاس لاہور میں غیر ملکی ریسلرز نے ملاقات کی۔

گورنر پنجاب نے غیر ملکی ریسلرز کو گورنر ہاس لاہور آنے پر خوش آمدید کہا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پہلی مرتبہ اتنی زیادہ تعداد میں ریسلرز پاکستان آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور اِس نے ہمیشہ کھیلوں کے فروغ کے لئے مثبت قدم اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں کا لاہور میں قیام خوشگوار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جو ایک مرتبہ پاکستان آتا ہے وہ دوبارہ ضرور آتاہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ محبت کرنے والے اور مہمان نواز ہیں۔ گورنر نے پاکستان کے دِل لاہور میں غیر ملکی ریسلرز کی کشتیوں کے مقابلے منعقد کروانے پر انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پنجاب کا دارالخلافہ ہے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرگنائزر عمران شاہ نے کہا کہ کشتیوں کے مقابلے منعقد کرانے سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا سافٹ امیج ابھرکر سامنے آئے گا۔ انہوں نے اِ امید کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم عمران خاں پاکستان میں ریسلنگ کے فن کواجاگر کرنے کے لئے اقدمات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس کو انڈسٹری بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر شہر میں نوجوانوں کو تربیت دینے کے لئے اکیڈمیاں قائم کی جائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں