سابق ناظم تلمبہ مہرعمرحیات ہراج کا ق لیگ میں شمولیت کا اعلان

ق لیگ کی اعلیٰ قیادت کا پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم، مسلم لیگ ق کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں ، سینئر رہنماء کامل علی آغا کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 7 دسمبر 2018 20:31

سابق ناظم تلمبہ مہرعمرحیات ہراج کا ق لیگ میں شمولیت کا اعلان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 دسمبر 2018ء) خانیوال سے معروف سماجی و سیاسی شخصیت سابق ناظم تلمبہ مہر عمر حیات ہراج نے مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔ ق لیگ کی اعلیٰ قیادت نے ان کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ق کے سیکرٹری اطلاعات ونشریات کامل علی آغا سے سابق ناظم تلمبہ مہر عمر حیات ہراج نے ملاقات کی۔

ملاقات میں مہر عمر حیات ہراج نے ساتھیوں سمیت ق لیگ میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔ مہر عمر حیات ہراج نے کہا کہ چودھری شجاعت اور چودھری پرویزالٰہی کی قیادت کی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔اس موقع پر مسلم لیگ ق خانیوال کے صدر عمر حیات و دیگر بھی موجود تھے۔ کامل علی آغا نے سابق ناظم تلمبہ مہر عمر حیات ہراج اور ساتھیوں کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا۔

(جاری ہے)

کامل علی آغا نے کہا کہ مسلم لیگ ق کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں ہم شامل ہونے والے تمام رہنماؤں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ مزید برآں اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی کاموں میں ذاتی دلچسپی لیتے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عثمان بزدار عوامی وزیراعلیٰ ہیں وہ بڑا اچھا کام کر رہے ہیں، ہمارے سابقہ دور کے ترقیاتی منصوبے نہ روکے جاتے تو آج صوبہ کی صورتحال مختلف ہوتی تاہم اب یہ منصوبے جلد پایہ تکمیل کو پہنچیں گے۔

سپیکر نے کہا کہ صوبہ میں کاروبار کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو سہولیات دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اورنج لائن ٹرین انڈر گراؤنڈ بنانے کا منصوبہ تھا تا کہ سڑکوں پر ٹریفک متاثر نہ ہو۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بچوں کو بھیک مانگنے کی لعنت سے بچانے کیلئے ہم نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں اصلاحات کیں، ہمارے دور حکومت میں سپیشل بچوں کیلئے سکول بنائے گئے اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار بلائنڈز کالج کا قیام عمل میں لایا گیا۔

میئر ہنسلو مس سمیعہ چودھری نے جمہوری روایات کے فروغ اور ملکی تعمیر و ترقی کیلئے حکومت کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی کے رولز آف پروسیجر سے بھی آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے چودھری پرویزالٰہی کی وزارتِ اعلی کے دور میں ایمرجنسی سروس ریسکیو1122 کے قیام، میٹرک تک مفت تعلیم، بچوں اور بچیوں کیلئے وظائف اور دیگر ترقیاتی کاموں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت دن بدن مضبوط ہو رہی ہے۔ قبل ازیں برطانوی وفد نے پنجاب اسمبلی کی کارروائی بھی دیکھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں