سینئر وزیرپنجاب عبدالعلیم خان کی صفائی کمپنیوں کے معاہدوں کی جانچ پڑتال کی ہدایت

تمام منصوبے بی او ٹی پر ہونے چاہئیں ، ماضی میں ہر منصوبے میں بھاری کمیشن کھایا گیا خزانے پر بوجھ سفید ہاتھی جیسے منصوبوںسے جان چھڑانا چاہتے ہیں : عبدالعلیم خان

جمعہ 7 دسمبر 2018 23:34

سینئر وزیرپنجاب عبدالعلیم خان کی صفائی کمپنیوں کے معاہدوں کی جانچ پڑتال کی ہدایت
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے ہدایت کی ہے کہ صفائی کمپنیوں کے معاہدوں کی جانچ پڑتال کی جائے کیونکہ اکثر کمپنیاں اور ادارے حکومت پر بوجھ بن چکے ہیں ،سفید ہاتھی جیسے منصوبوںسے جان چھڑانا چاہتے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ کمپنیاں بی او ٹی کی بنیاد پر کام کرتے ہوئے اپنے وسائل میں خود اضافہ کریں ،اس امر کا اظہار انہوں نے آج یہاں محکمہ بلدیات کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں سیکرٹری بلدیات ، کمشنر لاہور ، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی جس میں بالخصوص سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ ماضی میں ہر منصوبے میں بھاری کمیشن کھایا گیا اورنوبت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ صر ف لاہور شہر کا کوڑا اٹھانے کیلئے ماہانہ ڈیڑھ ارب روپے کے لگ بھگ خرچے کا بوجھ پنجاب حکومت برداشت کرتی ہے ، انہوں نے کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ کسی منصوبے میں میاں صاحب نے بلواسطہ یا بلاواسطہ کک بیک نہ لیا ہو اور اُس میں گڑ بڑ نہ ہو ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی نئے سرے سے تنظیم کریں گے اور ایسا ماڈل لائیں گے جس میں ماضی کی غلطیوں کا اعادہ نہ ہو ، سینئر وزیر نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہر میں ایک سے زیادہ کمپنیوں کو کام کرنے کا موقع ملنا چاہیے تاکہ مقابلے کی فضاء میں زیادہ بہتر پرفارمنس سامنے آ سکے ،عبدالعلیم خان نے لاہور کنٹونمنٹ کے علاقوں میں سالڈ ویسٹ پالیسی تشکیل دینے اور رنگ روڈ پر صفائی کی شکایات کے ازالے کا حکم دیا ،انہوں نے ایم ڈی سالڈ ویسٹ سے کہا کہ وہ خود اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر صفائی کی صورتحال کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا کریں تاکہ انہیں اصل حالات سے آگاہی ہو سکے ،عبدالعلیم خان نے ہسپتالوں کے ویسٹ کیلئے بھی مربوط نظام وضع کرنے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کو اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں سیکرٹری بلدیات کیپٹن (ر) سیف انجم نے بتایا کہ تھرڈ پارٹی کے ذریعے صفائی کی فی کس لاگت کا تعین کرنے کے بعد مستقبل میں ان کمپنیوں کیلئے نئے قوانین و ضوابط تشکیل دیں گے ،کمشنر لاہور اور دیگر افسران نے ہسپتالوں کے فضلے کو پراسیسنگ کے بعد ٹھکانے لگانے اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے سالانہ اعداد و شمار پر تفصیلی بریفنگ دی اور کئی ایک محکمانہ امور زیر غور آئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں