کوٹ لکھپت جیل میں قید شہباز شریف کا کمرہ ہائی سکیورٹی زون قرار

سکیورٹی پر اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ اور 3 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جنہیں 8 گھنٹے کے بعد تبدیل کر دیا جاتا ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 8 دسمبر 2018 13:37

کوٹ لکھپت جیل میں قید شہباز شریف کا کمرہ ہائی سکیورٹی زون قرار
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 دسمبر 2018ء) : کوٹ لکھپت جیل میں قید اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کے کمرے کو ہائی سکیورٹی زون قرار دے دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کے کمرے کی سکیورٹی پر اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ اور 3 اہلکاروں کو شہباز شریف کو تعینات کیا گیا ہے جن کو 8 گھنٹے بعد تبدیل کرکے دوسری شفٹ کے اہلکاروں کو تعینات کیا جاتا ہے۔

سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کی مکمل چیکنگ کی جاتی ہے ، سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار صرف کمرے میں موجود شہباز شریف کو دیکھ سکتے ہیں، انہیں کوئی چیز فراہم نہیں کرسکتے ۔ شہباز شریف سے ملاقات کے لئے جمعرات کا دن مقررکیا گیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جیل ذرائع نے بتایا کہ جیل میں پہلے دن شہباز شریف سے ملاقات کے لیے کوئی نہیں آیا، شہباز شریف کو جیل کی طرف سے دئے جانے والے ناشتے میں چائے اور سلائس فراہم کیے گئے۔

(جاری ہے)

لیکن شہباز شریف نے صرف چائے ہی پی اور اپنے کمرے میں کتابوں کا مطالعہ کیا۔ دوپہر کے وقت انہوں نے سفید چنے کے سالن سے آدھی چپاتی کھائی جبکہ رات کے وقت انہوں نے چکن کے ساتھ چپاتی کھائی۔ یہی نہیں شہباز شریف نے صبح اور شام کے وقت اپنے کمرے کے ساتھ صحن میں چہل قدمی کی۔ جیل میں شہباز شریف نے شلوار قمیض اور جیکٹ پہن رکھی تھی۔ جیل کی طرف سے شہباز شریف کو ایک پلیٹ، ایک گلاس اور چمچ فراہم کیا گیا ۔

مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے جیل حکام کو بتایا تھا کہ وہ پرہیزی کھانا کھاتے ہیں لہٰذا انہیں گھر سے کھانا منگوانے کی اجازت دی جائے جس پر جیل حکام نے انہیں گھر سے کھانا منگوانے کی اجازت دے دی۔ آج شہباز شریف کے گھر سے کھانا جیل بھجوایا جائے گا جہاں جیل حکام کی چیکنگ کے بعد انہیں کھانا فراہم کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں