صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب سپیشل اکنامک زون اتھارٹی کا اہم اجلاس

رحیم یار خان ،بھلوال ، وہاڑی انڈسٹریل اسٹیٹس، رچنا انڈسٹریل پارک ، نارتھ سٹار ٹیکسٹائل پرائیویٹ لمیٹڈ، روشن سن تاؤ پیپر ملز اور آئل ویلج کو سپیشل اکنامک زونز ڈیکلیئر کرنے کی منظوری ،مزید کارروائی کے لئے درخواستیں اسلام آباد سرمایہ کاری بورڈ کو بھجوائی جائیں گی صنعت کاری کے عمل میں سرخ فیتہ کو کسی صورت حائل نہیں ہونے دیں گے‘صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال

ہفتہ 8 دسمبر 2018 16:57

صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب سپیشل اکنامک زون اتھارٹی کا اہم اجلاس
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میا ںاسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب سپیشل اکنامک زون اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ میں منعقد ہونے والے اجلاس میں سپیشل اکنامک زونزکے حوالے سے اہم اقدامات کی منظوری دی گئی ۔رحیم یار خان ،بھلوال ، وہاڑی انڈسٹریل اسٹیٹس، رچنا انڈسٹریل پارک ، نارتھ سٹار ٹیکسٹائل پرائیویٹ لمیٹڈ، روشن سن تاؤ پیپر ملز اور آئل ویلج کو سپیشل اکنامک زونز ڈیکلیئر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

(جاری ہے)

ان انڈسٹریل اسٹیٹں کو سپیشل اکنامک زونز ڈیکلیئر کرنے کیلئے درخواستیںمزید کارروائی کے لئے اسلام آباد سرمایہ کاری بورڈ بھجوائی جائیں گی - صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صنعتیں لگا کر روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہمارا ایجنڈا ہے -صنعت کاری کے عمل میں سرخ فیتہ کو کسی صورت حائل نہیں ہونے دیں گے - انہو ںنے کہاکہ صنعت کاری کیلئے پنجاب اور وفاقی ادارے مل کر مربوط انداز سے آگے بڑھیں گے اور صنعت کاروں کے مسائل حل کئے جائیںگے - صوبائی وزیر نے کہاکہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے عمل کو کاغذوں تک محدود نہیں رہنے دیں گے بلکہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں - صوبائی وزیر صنعت نے کہا کہ صنعت کارو ںاور سرمایہ کاروں کے مسائل کا حل اور انہیں سہولتوں کی فراہمی ہماری ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گی- انہو ںنے کہاکہ سپیشل اکنامک زونز کے قیام سے تجارتی اور معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی - میاں اسلم اقبال نے کہاکہ درآمدات کم اور برآمدات بڑھانے کے لئے حکمت عملی تیار کرلی ہے اورانڈسٹری کے لئے لینڈ لیز پالیسی بھی بنائی جارہی ہے او ریہ پالیسی مرتب کرکے کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کی جائے گی- انہو ںنے کہاکہ گذشتہ تین ماہ میں محنت کے ساتھ کام کرتے ہوئے صنعتوں کے فروغ اور برآمدات بڑھانے کے لئے موثر لائحہ عمل طے کیاہے او راس پر عمل درآمد سے صنعتی شعبہ میں انقلاب برپا کریں گے - انہو ںنے کہاکہ انڈسٹری لگانے کے لئے درخواست پر کارروائی ٹائم فریم کے اندر یقینی بنائی جائے گی تاکہ صنعت کاروں کو کسی قسم بھی مشکل پیش نہ آئے - صوبائی وزیر نے اپنے حالیہ روس کے دورے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ انہو ںنے روس میں سٹیل مل کا دورہ کیا ہے اورسٹیل مل کے حکام سے ملاقاتیں بھی کی ہیں - انہو ںنے پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر صوبے میں سٹیل مل لگانے میں دلچسپی کا اظہار کیاہے - صنعت کاروں نے سات انڈسٹریل یونٹ کو سپیشل اکنامک زون بنانے کی منظوری دینے پر صوبائی وزیر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاہے کہ بلا شبہ پنجاب میں صنعتوں کے فروغ کے لئے شاندار اقدامات کئے گئے ہیں اور پنجاب حکومت نے بہترین صنعتی پالیسی دے کر نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے -ایڈیشنل سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو ، سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ، تنویر اشرف کائرہ ، میاں مصباح الحق ، محمد اشرف خان رند، اور دیگر اجلاس میں موجود تھے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں