وزیر اعظم عمران خان نے قبل از وقت الیکشن کی بات جنوبی پنجاب کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہی، اگر الیکشن جلدی ہو بھی جائیں تو قیامت نہیں آجائے گی‘ پاک فوج چاہتی ہے کہ ملک میں معیشت اورجمہوریت مضبوط ہو‘ عدلیہ‘ قانون کی حکمرانی اور انصاف کی بالادستی کیلئے کھڑی ہے، نواز شریف اور مریم نواز سے کوئی ڈیل نہیں، اگر کوئی ڈیل ہوتی تو وہ خاموشی نہ توڑتے، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی پریس کانفرنس

ہفتہ 8 دسمبر 2018 16:50

لاہور۔8 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے قبل از وقت الیکشن کی بات جنوبی پنجاب کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہی، اگر الیکشن جلدی ہو بھی جائیں تو قیامت نہیں آجائے گی‘ عوام بہتر پرفارمنس کو دیکھتے ہیں‘ پاک فوج موجودہ حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وہ چاہتی ہے کہ ملک میں معیشت اورجمہوریت مضبوط ہو‘ پاکستان کا سب سے بڑا اور مضبوط ادارہ پاک فوج ہے جو ملکی ترقی‘ خوشحالی‘ نظریاتی‘ معاشی و اقتصادی سرحدوں کی بہتر معاملہ فہمی کیلئے کام کرتا ہے۔

وہ ہفتہ کو ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ شیخ رشید احمد نے وزیر اعظم کی طرف سے قبل از وقت الیکشن کی بات کے حوالے سے سوال پر کہا کہ عمران خان نے جنوبی پنجاب کے حوالے سے قبل از وقت الیکشن کی بات کی اور اگر الیکشن پانچ سال کی بجائے تین یا چار سال میں ہوبھی جائیں تو ا س سے قیامت نہیں آجائے گی‘ عوام اس بات کو بخوبی دیکھیں گے کہ چوروں اور لٹیروں نے ملک کیلئے کیا کیا اور تحریک انصاف کی حکومت نے کیا کارکردگی دکھائی۔

(جاری ہے)

سابق صدر آصف علی زرداری کے حوالے سے سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ جب آصف علی زرداری نے سسرال جانا ہو تو وہ پگڑی پہن لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عدلیہ‘ قانون کی حکمرانی اور انصاف کی بالادستی کیلئے کھڑی ہے اور عوام چیف جسٹس آف پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، انہوں نے عوام کیلئے جو فیصلے کئے وہ تاریخ میں یاد رکھیں جائیں گے۔ شیخ رشید احمد نے موجودہ دور حکومت میں ہونیوالی ترقی کا سابق دور حکومت سے موازانہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت میں ڈان لیکس تھیں‘ اجمل قصاب کا ایڈریس نواز شریف نے بتایا ، جو شخص کرپشن میں ڈوبا ہوا ہو اورجس کے ہاتھ منی لانڈرنگ میں ملوث ہوں وہ اسی طرح کے حالات سے گزرتا ہے۔

ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ میں نے مارچ تک سیاست میں جھاڑو پھر جانے کی بات کی اور اگر تحریک انصاف کے لوگ بھی کسی کرپشن میں ملوث ہوں تو ان کو ڈبل سزا ملنی چاہئے۔ نواز شریف اور مریم نواز سے ڈیل کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی بات نہیں اگر کوئی ڈیل ہوتی تو وہ خاموشی نہ توڑتے۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف این آر او کیلئے 90 کے زاویئے سے مرے جارہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں