ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں اضافے کا معاملہ ،پے کمیشن پر پنجاب کابینہ کی جانب سے کئے گئے فیصلے کی رپورٹ طلب

چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کا ڈاکٹروں کے ہاسٹل کیلئے انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کی دو ایکڑ زمین فراہم کرنے کا حکم میرے علم میں ہے انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کی اراضی پر قبضے کر کے کوٹھیاں بنا دی گئیں ،قبضے کیخلاف درخواستیں آئیں تو کارروائی ہوگی‘ریمارکس

ہفتہ 8 دسمبر 2018 20:24

ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں اضافے کا معاملہ ،پے کمیشن پر پنجاب کابینہ کی جانب سے کئے گئے فیصلے کی رپورٹ طلب
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں اضافے کے معاملے پر پے کمیشن پر پنجاب کابینہ کی جانب سے کئے گئے فیصلے کی رپورٹ طلب کر لی ،چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ڈاکٹروں کے ہاسٹل کیلئے انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کی دو ایکڑ زمین فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ قبضے کے خلاف درخواستیں آئیں تو عدالت کارروائی کرے گی ۔

ہفتہ کے روز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں بینچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔سپیشل سیکرٹری صحت نے بتایا کہ پنجاب حکومت کو مالی مشکلات کا سامنا ہے ،ڈاکٹروں کی تنخواہیں بڑھانے کے حوالے سے کمیشن نے چار تجاویز دیں، تجویز کے مطابق ڈاکٹروں کی کم تنخواہ بڑھا نے کیلئے 27بلین سالانہ درکار ہیں جبکہ زیادہ تنخواہ بڑھانے پر 48بلین سالانہ درکار ہو گا۔

(جاری ہے)

کمیشن کی رپورٹ کابینہ کو بھجوا دی گئی ہے معاملہ زیر غور ہے۔عدالت نے پے کمیشن پر پنجاب کابینہ کی جانب سے کئے گئے فیصلے کی رپورٹ طلب کر لی۔چیف جسٹس نے ڈاکٹروں کے ہاسٹل کے لیے انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کی دو ایکڑ زمین فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ میرے علم میں ہے کہ انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کی اراضی پر قبضے کر کے کوٹھیاں بنا دی گئی ہیں ،قبضے کے خلاف درخواستیں آئیں تو عدالت کارروائی کرے گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں