غربت مٹانے اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کیلئے دنیا کو بد عنوانی کے خلاف متحد ہونا ہوگا‘رانا مبشر اقبال

کرپشن کے ہر کیس کا جلد سے جلد فیصلہ کیا جائے کرپٹ لوگوں کی بالکل کسی قسم کی سرپرستی نہ کی جائے‘رکن قومی اسمبلی

اتوار 9 دسمبر 2018 15:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ایم این اے رانا مبشر اقبال نے کہا ہے کہ غربت مٹانے اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کیلئے دنیا کو بد عنوانی کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔ بدعنوانی کو مسترد کرتے ہوئے احتساب ، شفافیت اور اچھی حکمرانی کو یقینی بنانا ہوگا۔ رانا مبشر اقبال نے کہا کہ آج کل پاکستان کافی بحرانوں سے گزررہا ہے کرپشن کی وجہ سے اس ملک کی بنیادیں کمزور ہو رہی ہیں۔

یہ از حد ضروری ہے کہ دیانت دار لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جائے اور کرپٹ لوگوں کو سزا دی جائے۔ کرپشن کے ہر کیس کا جلد سے جلد فیصلہ کیا جائے کرپٹ لوگوں کی بالکل کسی قسم کی سرپرستی نہ کی جائے۔ اگر ہم اپنی گڈ گورننس درست کر لیں تو ہمیں بیرونی مالی امداد کی قطعًاضرورت نہ پڑے ۔

(جاری ہے)

ایم این اے نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن کرپشن کی وجہ سے اس کے وسائل کا ضیاع ہو رہا ہے۔

کوئی بھی ملک ترقی اس وقت تک نہیں کر سکتا جب تک وہ معاشرے سے کرپشن کا قلع قمع نہ کر دے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کی وجہ سے ہی معاشی نظام بر باد ہوتا ہے۔ ہم نے اقوام متحدہ کی کرپشن کے خلاف کنونشن کی روشنی میں اپنے ملک سے کرپشن کو ختم کر نا ہے۔ کرپشن دیمک کی طرح ہمارے معاشرے کو چاٹ رہی ہے اور اس سے ہمارا معاشرہ کھوکھلا ہو رہا ہے اسے ہمیں جڑ سے اکھاڑنا ہو گا ہمارا ملک ماشاء اللہ قدرتی خزانوں جیسے معدنیات، کوئلہ و غیرہ سے مالا مال ہے لیکن کرپشن کی وجہ سے یہ زبوں حالی کا شکار ہو رہا ہے۔ ہمیں اپنے اینٹی کرپشن اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں