جیانگ سو کلچرل سنٹر کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگوئج اینڈ کلچر سے الحمرا منتقل کیا جارہا ہے ‘اطہر علی خان

جیانگ سو کلچرل سنٹر کی منتقلی کے بعد اس میں چینی زبان، میوزک ،ویژئل آرٹ اور کوکنگ کلاسزہوا کریں گی‘‘آرٹسٹوں کو چینی میوزک سیکھنے میں مدد ملے گی‘ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل

اتوار 9 دسمبر 2018 17:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2018ء) ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل اطہر علی خان نے کہاکہ جیانگ سو کلچرل سنٹر کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگوئج اینڈ کلچر سے الحمرا منتقل کیا جارہا ہے۔جیانگ سو کلچرل سنٹر کی الحمرا میں منتقلی کے بعد اس میں چینی زبان ،میوزک ، ویژیل آرٹ اور کوکنگ کی کلاسز ہوا کریں گی۔سنٹر میں چینی زبان کی تدریس کے لئے چینی زبان کے ماہر اساتذہ کو بھرتی کیا گیا ہے اور ایک ایڈمنسٹر یٹر کی خدمات بھی اس ضمن میں حاصل کی گئی ہیں۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل اطہر علی خان نے الحمرا میں جیانگ سو کلچرل سنٹر کی عمارت کی ترئین آرائش کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ آرٹسٹوں نے بھی اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے جس سے انہیں چینی میوزک کو سیکھنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے تحت چینی زبان سیکھنے کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی جسے مد نظر رکھتے ہوئے جیانگ سو کلچرل سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا تھا،اس منصوبے میں پاک چین دوطرفہ لسانی روابط بڑھانے سے مل جل کر کام کرنے کی فضاء پروان چڑھے گی۔

انہوں نے کہا کہ جیانگ سو کلچرل سنٹر کو پلاک سے الحمرا میں منتقل کرنے کے لئے عمارت کی تزئین آرائش کی جارہی ہے اور جلد یہ عمل مکمل کر کے سنٹر کو یہاں منتقل کر دیا جائے گا۔صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان کی ہدایت پر جیانگ سو کلچرل سنٹر کو الحمرا منتقل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ جیانگ سو کلچرل سنٹر پاک چین دوستی کا عکاس ہے اور الحمراکی فضاء آرٹ کے مزاج سے بھر پور ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس سنٹر میں آرٹ ورک ،ہینڈی کرافٹ اور چینی کلچر اور جیانگ سو کے کلچر سے متعلقہ چیزوں کی نمائش کے لئے آرٹ گیلری اور میوزیم بھی موجود ہے۔واضح رہے کہ جیانگ سو کلچرل سنٹر کا قیام 2007میں پلاک میں کیا گیا تھا ۔اس سنٹر کے قیام کے مقصد پاکستان میں چینی زبان کی تدریس کا بندوبست کر کے چینی زبان کے فروغ کے اقدامات کرنا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں