آئی جی پنجاب نے موثر پولیسنگ و عوام کو بہترین سروس ڈلیوری فراہم کرنے کیلئے فورس کے نام ہدایت نامہ جاری کردیا

پیر 10 دسمبر 2018 21:59

آئی جی پنجاب نے موثر پولیسنگ و عوام کو بہترین سروس ڈلیوری فراہم کرنے کیلئے فورس کے نام ہدایت نامہ جاری کردیا
لاہور۔10 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) عوام کی جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ معاشرے میں قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنا پنجاب پولیس کی اولین ذمہ داری ہے جس کیلئے فورس کے تمام افسران واہلکار ٹیم ورک اور بہترین کوارڈینیشن سے کام کرتے ہوئے کسی قربانی سے دریغ نہ کریں اور عوامی خدمت کو اپنا شعار بناتے ہوئے فرض شناسی اور جانفشانی کی قابل قدر مثالیں قائم کریں، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب امجد جاوید سلیمی نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ رات تمام فیلڈ فارمیشن کے نام جاری کئے گئے اپنے پیغام میں کیا،آئی جی پنجاب نے کہا کہ میرے کندھوں پر پنجاب پولیس کی کمانڈ ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے اور میں یہ ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے تمام پولیس شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور میں یہ چاہتا ہوں کہ میرے پیش رو کے ادوار میں شروع کی گئی ریفارمزاور پالیسیز کو جاری رکھا جائے اور نئی شروع کی جانے والی اصلاحات پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمدکریں، آئی جی پنجاب نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پولیس فورس نہ صرف پروفیشنل ہے بلکہ باہمت اور فرض شناس افسران و اہلکار عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ بطور ادارہ ہمیں لوگوں کی ان تمام خواہشات اور توقعات پر پورا اترنا پڑیگا جس کا واحد ذریعہ قانون کی حکمرانی قائم کرنے کے ساتھ ساتھ ڈسپلن ، اخلاقی روایات ،جذبہ ایمانی کے ساتھ شفافیت اور میرٹ جیسی ریفارمز کو اپنا پڑیگا ، انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے بارے میں عوامی رائے ہی ہماری کارکردگی اور صلاحیتوں کا تعین کریگی اور اس ادارے کی ساکھ کو قائم کریگی ، آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ ہمیں عورتوں ، اقلیتوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ سوسائٹی کے محروم اور مظلوم طبقات کے حقوق کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنا نا پڑیگا تاکہ عوام کا پولیس پر اعتماد بحال ہوسکے، انہوں نے کہا کہ ہمیں پولیس کو ہر صورت غیر سیاسی اور غیر جانبدار بنانا پڑیگا اور امن و امان کی بحالی کیلئے مقامی کمیونیٹی کو اپنے ساتھ شامل کرنا پڑیگا تاکہ دہشت گردی ، فرقہ واریت اور شدت پسندی جیسی لعنتوں کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکا جا سکے، آئی جی پنجاب نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ہمیں شہادتوں پر مبنی انویسٹی گیشن کے ساتھ ساتھ فارنزک تجزیہ اور متبادل میکانزم کو گراس روٹ لیول پر متعارف کروانا پڑیگا تاکہ مسائل کا حل نکالا جاسکے، امجد جاوید سلیمی نے کہا کہ محکمہ جاتی چیلنجز کو ہم شفافیت ، میرٹ پر بھرتیوں ، بروقت ترقیوں ، کپیسٹی بلڈنگ ، اکائونٹیبیلٹی اور کرپشن پر زیرو ٹالرینس کی پالیسی اپنا کرہی نمٹا جا سکتا ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ سزا وجزا کے عمل کو ساتھ ساتھ جاری رکھا جائے تاکہ فورس کو بہترین ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ، امجد جاوید سلیمی نے کہا کہ انہیں اس بات پر پختہ یقین ہے کہ تمام فیلڈ آفیسرز اور فورس اپنی کارکردگی ، مصعمم ارادے اور قابلیت کے ذریعے میرے اس ویژن کو اس کی روح کے مطابق عمل در آمد کرنے میں میری مدد کریں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں