صدراے پی ایم ایل پنجاب ڈاکٹر فرخ چیمہ مسلم لیگ ق میں شامل

ق لیگی قیادت کا خیرمقدم، ڈاکٹرفرخ چیمہ کا چوہدری شجاعت اور پرویزالٰہی کی قیادت پراظہار اعتماد

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 10 دسمبر 2018 19:57

صدراے پی ایم ایل پنجاب ڈاکٹر فرخ چیمہ مسلم لیگ ق میں شامل
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 دسمبر 2018ء) صدر آل پاکستان مسلم لیگ پنجاب ڈاکٹر فرخ چیمہ نے مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے، چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہٰی نے ان کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صدر آل پاکستان مسلم لیگ پنجاب ڈاکٹر فرخ چیمہ نے مسلم لیگ ہاؤس میں کامل علی آغا مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان مسلم لیگ سے ملاقات کے بعد چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہٰی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کردیا ۔

اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ تاجر ونگ پنجا ب کے صدر شیخ عمر حیات بھی موجود تھے۔اس موقع پر کامل علی آغا نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کے دروازے تمام ساتھیوں کیلئے ہر وقت کھلے ہوئے کارکن ہماری پارٹی کا اثاثہ ہیں ہم تمام نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کو خوش آمدید کہیں گے اور انہیں پارٹی میں عزت و احترام فراہم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئے شامل ہونے والے کارکنوں سے مسلم لیگ مزید مستحکم ،فعال اور مضبوط ہوگی۔

گزشتہ دنوں خانیوال سے معروف سماجی و سیاسی شخصیت سابق ناظم تلمبہ مہر عمر حیات ہراج نے مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کیا۔کامل علی آغا نے کہا کہ مسلم لیگ ق کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں ہم شامل ہونے والے تمام رہنماؤں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ مزید برآں اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی کاموں میں ذاتی دلچسپی لیتے ہیں۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عثمان بزدار عوامی وزیراعلیٰ ہیں وہ بڑا اچھا کام کر رہے ہیں، ہمارے سابقہ دور کے ترقیاتی منصوبے نہ روکے جاتے تو آج صوبہ کی صورتحال مختلف ہوتی تاہم اب یہ منصوبے جلد پایہ تکمیل کو پہنچیں گے۔ سپیکر نے کہا کہ صوبہ میں کاروبار کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو سہولیات دے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا اورنج لائن ٹرین انڈر گراؤنڈ بنانے کا منصوبہ تھا تا کہ سڑکوں پر ٹریفک متاثر نہ ہو۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بچوں کو بھیک مانگنے کی لعنت سے بچانے کیلئے ہم نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں اصلاحات کیں، ہمارے دور حکومت میں سپیشل بچوں کیلئے سکول بنائے گئے اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار بلائنڈز کالج کا قیام عمل میں لایا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں