اوورسیز پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر

اوورسیز پاکستانی موبائل فون لا سکتے ہیں، اضافی فون پر ٹیکس لاگو ہو گا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 11 دسمبر 2018 11:40

اوورسیز پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 دسمبر 2018ء) :وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے اوورسیز پاکستانیوں کو اچھی خبر سُنا دی ۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی موبائل فون لا سکتے ہیں ، لیکن اضافی فون پر ٹیکس عائد ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دو ارب ڈالر کے فون درآمد ہو رہے ہیں ۔

موبائل درآمد پر ٹیکس عائد نہیں کریں گے تو کیسے چلے گا۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ 60 ڈالر سے کم قیمت کے موبائل فون پر ٹیکس نہ ہونے کے برابر ہے۔ مہنگے موبائل فون پر38 فیصد ٹیکس ہے۔ ہمیں ٹیکس کلچر اپنانا ہو گا۔
واضح رہے کہ اوور سیز پاکستانیوں کے لیے کالنگ ویب پورٹل کا افتتاح کر دیا گیا ہے جہاں بیرون ملک پاکستانی اپنے آپ کو رجسٹر کرواسکتے ہیں اور اپنی تفصیلات پورٹل میں ڈال سکیں گے۔

(جاری ہے)

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اوور سیز پاکستانیوں کے لائے گئے فون پر حکومت نے ٹیکس عائد کیا تھا۔ حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے ایک سے زائد موبائل فون لانے کی صورت میں ڈیوٹی عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق موجودہ حکومت نے فیصلہ کیا کہ پاکستان آمد پر اوورسیز پاکستانی اپنے ساتھ صرف ایک موبائل فون لاسکتے ہیں جس پر انہیں کسی قسم کی ڈیوٹی ادا نہیں کرنا پڑے گی لیکن ایک سے زیادہ موبائل فون پر لگیج رولز کے مطابق ڈیوٹی ادا کرنا ہوگی۔

موجودہ حکومت کے اس فیصلے سے متعلق اوورسیز پاکستانیوں میں کافی تشویش پائی گئی جس کے بعد حکومت کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا لیکن اب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ٹویٹر پیغام میں اس حوالے سے وضاحت کر دی ہے اور کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی موبائل فون لا سکتے ہیں ، لیکن اضافی فون پر ٹیکس عائد ہو گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں