پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا ایک اور یوٹرن

اونج لائن میٹروٹرین منصوبے کے فنڈز میں 13 کروڑ روپے کا کٹ لگا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 11 دسمبر 2018 13:03

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا ایک اور یوٹرن
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 دسمبر 2018ء) : لاہور میں لیگی دور میں شروع ہونے والا اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ تاحال مکمل نہیں ہوسکا اور فنڈز کی کمی کی وجہ سے مسلسل تاخیر کا شکار ہو رہا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آتے ہی اورنج لائن ٹرین منصوبے کو مکمل کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا تھا لیکن اب موجودہ حکومت کا ایک اور یوٹرن سامنے آگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے فنڈز میں 13 کروڑ روپے کی کمی کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ منصوبہ بندی وترقی پنجاب نے فنڈز منتقلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ موجودہ حکومت نے اورنج لائن ٹرین منصوبے سے 13 کروڑ روپے کے فنڈز کاٹ کر محکمہ اسکول ایجوکیشن کو منتقل کردیئے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ 13 کروڑ روپے جین مندر اسٹیشن سے انارکلی اسٹیشن تک پیڈسٹرین انڈر پاس کی تعمیر پر خرچ کیے جانا تھے۔

رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام 19-2018ء کے دوران فنڈز منصوبے کے لیے مختص کیے گئے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن 13 کروڑ روپے کے فنڈز ڈیٹا بیس پروگرام پر خرچ کرے گا۔ ڈیٹا بیس پروگرام کے تحت محکمہ سکول ایجوکیشن کا آن لائن سسٹم بنایا جائے گا، محکمہ خزانہ پنجاب کو مذکورہ فنڈز اسکول ایجوکیشن کے حوالے کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔

سابقہ حکومت نے دیگر منصوبوں کے فنڈز بھی اورنج لائن ٹرین منصوبے کو منتقل کیے، لیکن اب موجودہ حکومت نے اس میگا پراجیکٹ کے فنڈز میں کٹ لگا دئے ہیں۔محکمہ منصوبہ بندی و ترقی پنجاب نے فنڈز کی منتقلی کا مراسلہ بھی جاری کر دیا ہے۔ دوسری جانب اورنج لائن میٹروٹرین کے فنڈز میں کمی کی وجہ سے میگا پراجیکٹ کی تکمیل کا کام مزید تاخیر کا شکار ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں