حکومت کی شہبازشریف کوملنےوالےغیرملکی تحائف کی رپورٹ جاری

شہبازشریف کو35غیرملکی تحائف ملے، جن میں 3 تحائف شہباز شریف نے اپنے گھر منتقل کر لیے، سلک کے کپڑے پربنی گھڑی، چاندی کا برتن اور دیگر تحائف شامل ہیں۔ ترجمان پنجاب حکومت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 11 دسمبر 2018 18:02

حکومت کی شہبازشریف کوملنےوالےغیرملکی تحائف کی رپورٹ جاری
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 دسمبر 2018ء) سابق وزیراعلیٰ شہبازشریف کوملنے والےغیرملکی تحائف کی رپورٹ منظرعام پرآگئی، جس کے تحت شہبازشریف کو 35غیرملکی تحائف ملے، جن میں 3 تحائف شہباز شریف نے اپنے گھر منتقل کر لیے، سلک کے کپڑے پربنی گھڑی، چاندی کا برتن اور دیگر تحائف شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب حکومت نے سابق وزیراعلیٰ شہبازشریف کوملنے والےغیرملکی تحائف کا معاملہ اٹھا دیا ہے۔

شہبازشریف کو2013ء سے2018ء تک 35غیرملکی تحائف کی حکومت پنجاب کی رپورٹ منظرعام پرآگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق شہباز شریف نے3 تحائف اپنے گھر منتقل کئے۔ شہبازشریف نے بھارتی ہائی کمشنرکی طرف سے ملنے والا چاندی کا برتن گھرمنتقل کیا۔ اسی طرح چین سے ملنے والی سلک کے کپڑے پربنی گھڑی بھی رہائش گاہ منتقل کی۔

(جاری ہے)

ترجمان حکومت پنجاب نے بتایا کہ 3 غیرملکی تحائف7 کلب روڈ پرآویزاں کیے گئے۔

29 وزیراعلیٰ پنجاب کے اسٹورمیں رکھے گئے۔ 10ہزار روپے مالیت تک کا تحفہ توشہ خانے میں اندراج کے بعد وصول کنندہ اپنے پاس رکھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے تمام تحائف سرکاری خزانے میں جمع نہیں کروائے۔ واضح رہے تحریک انصاف کی حکومت نے سابق حکومت کے منصوبوں کا آڈٹ اور سیاسی رہنماؤں کا احتساب شروع کردیا ہے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نیب کے احتسابی عمل کو سیاسی انتقام قرار دے رہے ہیں۔

اپوزیشن جماعتوں نے آج خواجہ برادران کی گرفتاری اور حمزہ شہباز کو آف لوڈ کرنے کی مذمت کی ہے۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہبازشریف نے کہا کہ حمزہ شہبازکے معاملے پر زیادتی ہوئی ہے۔ ملک میں سویلین ڈکٹیٹرشپ ہے۔ حکومت کی سفاکیت کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے مشاورتی اجلاس میں ایوان میں متفقہ حکمت عملی اپنانے سے متعلق لائحہ عمل ترتیب دیا گیا ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ ایوان کا وقت ضائع ہونے سے بچائیں گے اور اپنی ذمہ داری پوری کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نیازی اور نیب کا غیرمقدس الائنس ہے۔ مالم جبہ کیس میں ابھی تک کسی کوہاتھ نہیں لگایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو سے متعلق بتایا گیا جب کمپنی بنی توان کی عمرایک سال تھی۔ چنیوٹ آئرن کا خزانہ پرویز مشرف کے دور میں لٹایا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں