وزیراعلیٰ کاعوام کوریلیف دینے کیلئے ایک اوربڑا اقدام،بڑے سٹورز پر ڈپٹی کمشنر کے کائونٹر ختم کرنے کا حکم

اتوار بازاروں میں سٹالز پر بچوں سے کام کرانے پر پابندی عائد،چائلڈ لیبر کرانیوالے کیخلاف قانون حرکت میں آئیگا‘عثمان بزدار

منگل 11 دسمبر 2018 18:49

وزیراعلیٰ کاعوام کوریلیف دینے کیلئے ایک اوربڑا اقدام،بڑے سٹورز پر ڈپٹی کمشنر کے کائونٹر ختم کرنے کا حکم
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں مشیر برائے سیاسی امورمحمد اکرم چوہدری نے ملاقات کی ،جس میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتوار بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی مقررکردہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

اتوار بازاروں میں سٹالز پر بچوں سے کام کرانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔چائلڈ لیبر کرانے والے کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔معصوم بچوں سے محنت مزدوری والے کام لینا خلاف قانون ہے۔انہوںنے کہا کہ بڑے سٹورز اشیائے ضروریہ ڈپٹی کمشنر کے نرخوں کے مطابق فروخت کرنے کے پابند ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے بڑے سٹورز پر ڈپٹی کمشنر کے کائونٹر فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بڑے سٹورز پر صارفین اشیائے ضروریہ ڈپٹی کمشنر کے نرخوں کے مطابق خرید سکیں گے اور اس اقدام سے عوام کو ریلیف ملے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ محمد اکرم چوہدری بڑے سٹورز کے دورے کریں اوراشیاء ضروریہ کی ڈپٹی کمشنر کے نرخوں کے مطابق فروخت کو یقینی بنائیں۔وزیراعلیٰ مزید کہا کہ اتوار بازاروں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے اور اتوار بازاروں کے باہر پارکنگ کا خصوصی انتظام کیا جائے۔ اتوار بازاروں کے باہر ٹریفک کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ انہوںنے کہا کہ وزراء اپنے اپنے علاقوں میں اتوار بازاروں اور منڈیوں کے دورے کرکے عوام کو اشیائے ضروریہ کی مقررکردہ قیمتوں پر فراہمی کے عمل کی مانیٹرنگ کریں۔

انہوںنے کہا کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں سے کوئی رو رعایت نہیں ہوگی۔ مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کی جگہ جیل ہے۔عوام کو کسی بھی صورت منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑوں گا۔ محمد اکرم چوہدری نے وزیراعلیٰ کو اتوار بازاروں کے دوروں کے حوالے سے آگاہ کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں