وزیراعلیٰ کا بڑا اقدام، بڑے سٹورز پرڈپٹی کمشنرکاؤنٹرختم کرنے کا حکم

بڑے سٹورز پر صارفین اشیائے خوردونوش ڈپٹی کمشنر کے نرخوں کے مطابق خرید سکیں گے، اتوار بازاروں میں سٹالزپربچوں سے کام کرانے پر پابندی عائد، مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کی جگہ جیل ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 11 دسمبر 2018 18:48

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 دسمبر 2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عوامی ریلیف کیلئے بڑا قدم اٹھا لیا ہے،انہوں نے بڑے سٹورز پر ڈپٹی کمشنر کے کاؤنٹرز ختم کرنے کا حکم دے دیا ہے، انہوں نے کہا کہ بڑے سٹورز پر صارفین اشیائے خوردونوش ڈپٹی کمشنر کے نرخوں کے مطابق خرید سکیں گے، اتوار بازاروں میں سٹالز پر بچوں سے کام کرانے پر پابندی عائد ہے، مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کی جگہ جیل ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آج وزیراعلیٰ آفس میں مشیر برائے سیاسی امورمحمد اکرم چوہدری نے ملاقات کی ،جس میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتوار بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی مقررکردہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

(جاری ہے)

اتوار بازاروں میں سٹالز پر بچوں سے کام کرانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

چائلڈ لیبر کرانے والے کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔معصوم بچوں سے محنت مزدوری والے کام لینا خلاف قانون ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑے سٹورز اشیائے ضروریہ ڈپٹی کمشنر کے نرخوں کے مطابق فروخت کرنے کے پابند ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے بڑے سٹورز پر ڈپٹی کمشنر کے کاؤنٹر فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بڑے سٹورز پر صارفین اشیائے ضروریہ ڈپٹی کمشنر کے نرخوں کے مطابق خرید سکیں گے اور اس اقدام سے عوام کو ریلیف ملے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ محمد اکرم چوہدری بڑے سٹورز کے دورے کریں اوراشیاء ضروریہ کی ڈپٹی کمشنر کے نرخوں کے مطابق فروخت کو یقینی بنائیں۔وزیراعلیٰ مزید کہا کہ اتوار بازاروں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے اور اتوار بازاروں کے باہر پارکنگ کا خصوصی انتظام کیا جائے۔ اتوار بازاروں کے باہر ٹریفک کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزراء اپنے اپنے علاقوں میں اتوار بازاروں اور منڈیوں کے دورے کرکے عوام کو اشیائے ضروریہ کی مقررکردہ قیمتوں پر فراہمی کے عمل کی مانیٹرنگ کریں۔

انہوں نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں سے کوئی رو رعایت نہیں ہوگی۔ مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کی جگہ جیل ہے۔عوام کو کسی بھی صورت منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑوں گا۔ محمد اکرم چوہدری نے وزیراعلیٰ کو اتوار بازاروں کے دوروں کے حوالے سے آگاہ کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں