پاکستانی نوجوان قابلیت ، اہلیت اور ذہانت کے اعتبار سے کسی دوسرے ممالک کے طلبا سے کم نہیں‘چوہدری محمدسرور

بین الاقوامی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں ہمیشہ پاکستانی نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ‘گورنر پنجاب کا تقریب سے خطاب

منگل 11 دسمبر 2018 22:21

پاکستانی نوجوان قابلیت ، اہلیت اور ذہانت کے اعتبار سے کسی دوسرے ممالک کے طلبا سے کم نہیں‘چوہدری محمدسرور
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان قابلیت ، اہلیت اور ذہانت کے اعتبار سے کسی دوسرے ممالک کے طلبا سے کم نہیں ۔ بین الاقوامی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں ہمیشہ پاکستانی نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ۔یہ بات انہوں نے گورنر ہاس لاہور میں کیمبرج یونیورسٹی انٹر نیشنل امتحانات 2018 میں ٹاپ کرنے والی پاک ترک سکول کی پاکستانی طالبہ ماہین مسعود اور تھائی لینڈ ورلڈ میتھ میں دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلم جعفر،حلیم اور شاہ زیب سے ملاقات کے دوران کی ۔

اس موقع پر بیگم گورنر پنجاب پروین سرور، طالبہ ماہین مسعود کے والد ، والدہ اور ٹیچرز بھی موجود تھیں ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری نئی نسل میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور آج پاکستان کو ایسے ہی قابل اور ذہین نوجوانوں کی ضرورت ہے جو وطن عزیز کو ترقی کی بلندیوں پر لے جائیں ۔انہوں نے طالبہ ماہین مسعود ، والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ماہین مسعود ، جعفر، حلیم اور شاہ زیب نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام بلند کیا ہے اور ان نوجوانوں پر جتنا فخر کیا جائے کم ہے ۔

اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ماہین مسعود کو گورنر ہاس کی شیلڈ اور بک کے علاوہ نقد انعام بھی دیا ۔قبل ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاس لاہور میں لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر فرخندہ منظور نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وائس چانسلر ڈاکٹر فرخندہ منظور نے گورنر پنجاب کو یونیورسٹی میں جاری تعلیمی سرگرمیوں اور ترقیاتی کاموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت تعلیم اور صحت کے شعبے کی ترقی کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوالٹی ایجوکیشن کو بین الاقوامی معیار پر لانے کے لئے ہمیں اپنے تعلیمی اداروں کو اعلی روایات کا حامل بناکر ان کے وقار کو مزید بلند کرنا ہوگا۔ گورنر نے کہا کہ حکومت نے ایجوکیشن کے لئے فنڈز میں خطیر رقم مختص کی ہے ۔ انہوں نے وائس چانسلر کو ہدایت کی کہ ادارے میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے اور طالبات کو پینے کا صاف پانی کی فراہمی کے لئے واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کیے جائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں