وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے آسٹریلین ہائی کمشنر کی ملاقات، صحت، تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں شراکت بڑھانے پر اتفاق

غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے آسانیاں پیدا اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے ترجیجی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں‘عثمان بزدار دونوں ملکوں کے مابین وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں سے معاشی و سماجی شعبوں میں تعاون فروغ پائے گا‘وزیر اعلیٰ پنجاب زراعت اورلائیوسٹاک سیکٹر میں کمرشل فارمرزبالخصوص ٹیکنیکل ٹریننگ کیلئے پنجاب حکومت سے تعاون کریں گے ‘ آسٹریلین ہائی کمشنر پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، آسٹریلین کمپنیاں پاکستان میں بھی سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں‘مارگریٹ ایڈمسن

بدھ 12 دسمبر 2018 18:30

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے آسٹریلین ہائی کمشنر کی ملاقات، صحت، تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں شراکت بڑھانے پر اتفاق
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعلیٰ آفس میں آسٹریلیا کی ہائی کمشنرمارگریٹ ایڈمسن نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک آسٹریلیا دو طرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ، صحت، تعلیم،زراعت، لائیوسٹاک، سکل ڈویلپمنٹ ، واٹر مینجمنٹ، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میںصحت، تعلیم، سکل ڈویلپمنٹ، زراعت، لائیوسٹاک اور واٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں شراکت بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔آسٹریلین ہائی کمشنر نے وزارت اعلیٰ کے منصب پر فائز ہونے پر عثمان بزدار کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان او رآسٹریلیا کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے بے پناہ مواقع موجود ہیں اورنئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے انتہائی سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہے۔

غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے آسانیاں پیدا اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے ترجیجی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم، زراعت ،لائیوسٹاک،سیاحت، سکل ڈویلپمنٹ او رواٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں آسٹریلیا سے تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ دونوں ملکوں کے مابین وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں سے معاشی و سماجی شعبوں میں تعاون فروغ پائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زراعت، ڈیری ڈویلپمنٹ اور لائیوسٹاک میں آسٹریلیا کو بہت مہارت حاصل ہے۔انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں بھی آسٹریلیا کیلئے سرمایہ کاری کیلئے گراں قدر مواقع موجود ہیں اور ان شعبوں میں آسٹریلین ماڈل سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھائیں ، ہر ممکن سہولتیں دیں گے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے بزنس وفود کے تبادلوں سے بھی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا ۔ آسٹریلین ہائی کمشنرنے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ زراعت اورلائیوسٹاک سیکٹر میں کمرشل فارمرزبالخصوص ٹیکنیکل ٹریننگ اور کپسٹی بلڈنگ کیلئے پنجاب حکومت سے تعاون کریں گے اور زراعت اور آبپاشی کیلئے پانی کو بہتر انداز میں استعمال کرنے کے حوالے سے بھی شراکت بڑھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو جدید تربیت دے کر زرعی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، آسٹریلیا اس ضمن میں پنجاب حکومت سے تعاون کیلئے تیار ہے۔ پنجاب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کریں گے۔ آسٹریلین ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔خلیجی ممالک میں موجود بے شمار آسٹریلین کمپنیاں پاکستان میں بھی سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں۔پاکستان کی ثقافت اور قدرتی مناظر اپنی مثال آپ ہیں۔ اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں