صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد سے آسٹریلوی وفد کی ملاقات،پنجاب میں 5زچہ بچہ ہسپتالوں کے منصوبے میں تعاون کی پیشکش

بین الاقوامی پارٹنرز کے تعاون سے ماں اور بچے کی صحت کے اہداف حاصل کر لیں گے،ڈاکٹر یاسمین راشد

بدھ 12 دسمبر 2018 19:47

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد سے آسٹریلوی وفد کی ملاقات،پنجاب میں 5زچہ بچہ ہسپتالوں کے منصوبے میں تعاون کی پیشکش
لاہور۔12 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد سے آسٹریلوی ہائی کمیشن کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور پنجاب میں 5ماں بچہ ہسپتالوں کے منصوبے کی تعریف کرتے ہوئے تعاون کی پیشکش کی ، وفد میں ڈائریکٹر الہ دین نیازمند، مس سحر اور عمران سعید خان شامل تھے، اس موقع پر وفد کے سربراہ الہ دین نیازمندنے کہا کہ پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کے بعض ممالک میں دوران زچگی شرح اموات بہت زیادہ ہے، اس تناظر میں ماں اور بچے کی صحت کے خصوصی ہسپتالوں کا قیام ایک مثبت قدم ہے، اس منصوبے کیلئے تکنیکی اور مالی معاونت کرنے کیلئے تیار ہیں، ڈاکٹر یاسمین راشد نے ماں بچہ ہسپتالوں کی تعمیر کیلئے آسٹریلوی معاونت کا خیرمقدم کرتے ہوئے بتایا کہ غربت کا خاتمہ، صحت اور تعلیم کے شعبے میں استحکام تحریک انصاف کی حکومت کا فوکس ہے، یو ایس ایڈ نے بھی ماں بچہ ہسپتالوں کے قیام میں تعاون کا ارادہ ظاہر کیا ہے، بین الاقوامی پارٹنرز کے تعاون سے ماں اور بچے کی صحت کے اہداف حاصل کر لیں گے، دوران زچگی شرح اموات میں کمی کیلئے ٹھوس اقدامات کرنا ضروری ہے، قبل ازیں وزیر صحت پنجاب کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس میں میڈیکل شعبے کے الائونسز میں اضافے کے امکانات اور شعبہ صحت میں اصلاحات پر غورکیا گیا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری کیپٹن(ر) اعجاز، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ ثاقب ظفر، ڈین چلڈرن ہسپتال پروفیسر مسعود صادق،پرنسپل ’سمز‘ پروفیسر محمود ایازاور ڈپٹی سیکرٹری محکمہ فنانس نے بھی شرکت کی، ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ڈاکٹرز، کنسلٹنٹس اور پروفیسرز کی کمی دور کرنے کے لئے انہیں خصوصی الائونس دینے پر غور کیا جا رہا ہے، اس ضمن میں جلد سمری منظوری کیلئے پنجاب کابینہ میں پیش کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ طبی اصلاحات پر عملدرآمد آگے بڑھایا جا رہا ہے، مرحلہ وار ہر شعبے میں بہتری لائیں گے، میڈیکل تعلیمی اداروں کی استعدادکار بڑھانے کیلئے ان کو خودمختاری دی جائے گی، حکومت پہلے مرحلے میں 5 میڈیکل کالجوں کو خودمختار حیثیت دے گی، وزیر صحت نے کہا کہ ملک کی آبادی کا اکثریتی حصہ دیہات میں رہائش پذیر ہے، بڑے ہسپتالوں پر دبائو میں کمی کیلئے دیہی طبی مراکز میں بہتری لانا وقت کی اہم ضرورت ہے، انہوں نے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ ثاقب ظفر کو ڈاکٹروں کے الائونسز میں اضافے کی تجویز پر کام آگے بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ معاوضے دور دراز کے علاقوں میں تعینات ہونے والے ڈاکٹروں کے بڑھائے جائیں، حکومت کے مثبت اقدامات کے تناظر میں امید ہے کہ ڈاکٹروں کی کارکردگی اور سروس ڈیلیوری میں بھی بہتری آئے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں