نیشنل بینک کے وائس پریذیڈنٹ کیخلاف اربوں روپے کے غبن کیس میں نیب کو (آج )ریفرنس فائل کرنے کا حکم

جمعرات 13 دسمبر 2018 14:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) احتساب عدالت نے نیشنل بینک کے وائس پریذیڈنٹ کے خلاف اربوں روپے کے غبن کیس میں نیب کو آج (جمعہ ) ریفرنس فائل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔ احتساب عدالت کے جج وسیم اختر نے کیس کی سماعت کی۔نیب پراسکیوٹر عدنان فیصل نے بتایا کہ نیب لاہور کی جانب سے مبینہ خرد برد کے الزام میں وائس پریزیڈنٹ عثمان سعید کو گرفتار کیا گیا تھا، نیب تفتیشی ٹیم نے مین برانچ فارن ایکسچینج ڈیپارٹمنٹ میں16مئی 2018ے کو چھاپہ مار کر متعلقہ ریکارڈ قبضہ میں لیا تھا، ابتدائی تحقیقات کی مطابق 13 میگا بزنس گروپس مالکان اور بینک افسران کی ملی بھگت سے حکومتی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا، ملزمان کی آپس کی ملی بھگت سے لیٹر آف کریڈٹ کا غلط اعدادوشمار اور درآمد شدہ مال بغیر ادائیگی بینک سے ریلیز کرواتے رہے، ملزم عثمان سعید مین برانچ،فارن ایکسچینج ڈیپارٹمنٹ میں بطور ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ تعینات تھا، ملزم کے ان اقدامات سے حکومتی خزانے کواربوں روپے کا نقصان پہنچا،تحقیقات کے دوران ملزم کی جانب سے لگ بھگ 2 سے 3 ارب روپے کی خردبرد کے شواہد حاصل ہوئے۔

(جاری ہے)

عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر کو ملزم کیخلاف آج (جمعہ ) تک ریفرنس فائل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزم عثمان سعید کے کیس کے متعلق مکمل ریفرنس فائل کیا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں