ڈاکٹروں نے کمرکےعلاج کیلئے سرجری کی تجویز دی،اسحاق ڈار

دنیا بھر میں جائیداد یا بینک اکاؤنٹ نہیں، موجودہ حکومت کی توجہ معیشت کی بجائے سیاسی انتقام پر ہے، شہبازشریف کیساتھ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی۔ سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی لندن میں میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 13 دسمبر 2018 18:23

ڈاکٹروں نے کمرکےعلاج کیلئے سرجری کی تجویز دی،اسحاق ڈار
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 دسمبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اور سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے کہا ہے کہ ڈاکٹروں نے کمرکے علاج کیلئے سرجری کی تجویز دی ہے، دنیا بھر میں جائیداد یا بینک اکاؤنٹ نہیں ہے، موجودہ حکومت کی توجہ معیشت کی بجائے سیاسی انتقام پر ہے،شہبازشریف کیساتھ جوہوا وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے آج لندن میں اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت کی کوئی خاص پالیسی سامنے نہیں آئی۔

موجودہ حکومت کسی پالیسی کے بغیر کام کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں 5 ارب ڈالر کی کمی کیسے واقع ہوئی؟ اسحاق ڈار نے کہا کہ ملک پر ساڑھے تین ہزار ارب کا قرضہ چڑھ گیا ہے۔ ملکی قرضوں میں اضافہ روپے کی قدر میں کمی کے باعث ہوا ہے۔ پاکستانی کرنسی کی قدر میں ایک روپے کمی سے 95ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اسحاق ڈار نے کہا کہ میری نہ صرف لندن بلکہ دنیا بھر میں کہیں کوئی جائیدا دیا بینک اکاؤنٹ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی توجہ معیشت کی بجائے سیاسی انتقام پر ہے۔ شہبازشریف کیساتھ جوہوا وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت 90 کی دہائی والی سیاست کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک جاکر پاکستانیوں سے متعلق کرپشن سے متعلق جھوٹی بیان بازی بند ہونی چاہیے۔ پاکستان نے کینیڈا اور اٹلی کی معیشت کو پیچھے چھوڑ کرجی 20 میں شامل ہونا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیمز کیلئے بجٹ میں 101ارب روپے مختص کیے۔ چندوں سے خیراتی ادارے چلتے ہیں ملک نہیں چلتے ۔انہوں نے کہا کہ کمر درد کی تکلیف میں مبتلا ہوں۔ ڈاکٹرز نے سرجری کی تجویز دی ہے۔ دوسری جانب سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں نیب نے نیا پراسیکیوٹر تعینات کر دیاہے ۔عمران شفیق کی جگہ اب افضل قریشی اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس میں پیش ہوں گے۔افضل قریشی نیب لاہور میں فرائض سرا نجام دے رہے ہیں۔افضل قریشی ایون فیلڈ ریفرنس میں نیب کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ عمران شفیق کے مستعفی ہونے پر افضل قریشی کو ریفرنس کا پراسیکیوٹر تعینات کیا گیا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں