وزیراعلیٰ عثمان بزدارسے برطانیہ کے ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کی پاکستان میں سربراہ جوانا ریڈ کی ملاقات

حکومت اور ڈیفڈ کے مابین سماجی شعبہ کی ترقی کیلئے پروگرام پر تبادلہ خیال،ڈیفڈ کا حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق حکومت گڈ گورننس کے ذریعے عوام کو ریلیف دے گی، تعلیم، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھا کر عوام کو سہولتیں دیں گے‘عثمان بزدار

جمعرات 13 دسمبر 2018 21:05

وزیراعلیٰ عثمان بزدارسے برطانیہ کے ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کی پاکستان میں سربراہ جوانا ریڈ کی ملاقات
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیر اعلیٰ آفس میں برطانیہ کے ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کی پاکستان میں سربراہ جوانا ریڈ (Ms Joanna Reid) نے ملاقات کی جس میں پنجاب حکومت اور ڈیفڈ کے مابین سماجی شعبہ کی ترقی کیلئے جاری پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میںڈیفڈ کی جانب سے موجودہ حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سماجی شعبوں کی ترقی کیلئے ڈیفڈ پنجاب حکومت کا بہترین پارٹنر ہے اورموجودہ حکومت ڈیفڈ کے ساتھ شراکت داری کو مزید بڑھائے گی۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت گڈ گورننس کے ذریعے عوام کو ریلیف دے گی۔

(جاری ہے)

تعلیم، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھا کر عوام کو سہولتیں دیں گے کیونکہ موجودہ حکومت سماجی شعبہ کی پائیدار ترقی پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہیومن ڈویلپمنٹ پر اخراجات پاکستان کے روشن مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔نئے پاکستان میں ہم نے عوام کومعیاری سہولتیں دے کر ان کا حق واپس کرنا ہے۔صوبے کے دور دراز علاقوں کو ترقی دے کر عوام کا احساس محرومی دور کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تعلیم ،صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں برطانوی ادارے کے تعاون کی قدر کرتے ہیں۔

لوگوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولتوں کی فراہمی ، دور دراز علاقوں خصوصاً پنجاب کے قبائلی علاقے میں بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے ڈیفڈ کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بچوں کو صحت مند بنانے کیلئے ان کی مناسب غذا پر بھی توجہ مرکوز کی ہے۔ نیوٹریشن پروگرام کے حوالے سے ڈیفڈ کی معاونت کا دائرہ کار بڑھانا چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری میں ڈیفڈ کا تعاون خوش آئندہے۔

ڈیفڈ کی پاکستان میں سربراہ جوانا ریڈ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈیفڈ پنجاب حکومت کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا اور حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے میں بھی معاونت کرتے رہیں گے۔ ترجمان پنجاب حکومت ڈاکٹر شہباز گل، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب، سیکرٹری قانون و آبپاشی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں