تحریک انصاف نے ن لیگ کی نشست چھین لی

پی پی 168 لاہور کے ضمنی الیکشن میں حکمران جماعت کے اسد کھوکھر نے ن لیگ کے رانا خالد کو شکست دے دی، عام انتخابات میں یہ نشست خواجہ سعد رفیق نے جیتی تھی

muhammad ali محمد علی جمعرات 13 دسمبر 2018 20:00

تحریک انصاف نے ن لیگ کی نشست چھین لی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 دسمبر2018ء) تحریک انصاف نے ن لیگ کی نشست چھین لی، پی پی 168 لاہور کے ضمنی الیکشن میں حکمران جماعت کے اسد کھوکھر نے ن لیگ کے رانا خالد کو شکست دے دی، عام انتخابات میں یہ نشست خواجہ سعد رفیق نے جیتی تھی۔ تفصیلات کے مطابق پی پی 168 لاہور ضمنی الیکشن کے سلسلے میں پولنگ ختم ہونے کے بعد موصول ہونے والے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں تحریک انصاف کے اسد کھوکھر کو برتری حاصل ہے۔

پنجاب اسمبلی کی خالی نشست پی پی 168 پر ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہی۔ یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے قومی اسمبلی کا رکن منتخب ہونے پر خالی کی تھی۔ پنجاب اسمبلی کی خالی نشست پی پی 168 لاہور کے لئے کل 11 امیدوار میدان میں اترے تاہم اصل مقابلہ پی ٹی آئی کے ملک اسد علی کھوکھر اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا خالد محمود قادری کے درمیان تھا۔

(جاری ہے)

جبکہ پیپلز پارٹی نے اس نشست پر مسلم لیگ (ن) کی حمایت کا اعلان کر رکھا تھا۔ الیکشن کمیشن پنجاب کے مطابق حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 26 ہزار 912 ہے، ووٹرز کی آسانی کیلئے 83 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جبکہ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پرامن انتخاب کیلئے رینجرز کو طلب کر رکھا تھا، پاک فوج بھی اسٹینڈ بائی پر رہی۔ اب پولنگ ختم ہونے کے بعد غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ ختم ہو چکا ہے۔

اب تک تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج موصول ہو چکے ہیں۔ اب تک موصول ہونے والے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے اسد کھوکھر 16 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے فتح حاصل کر چکے ہیں۔ جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا خالد قادری 15 ہزار کے قریب ووٹ حاصل کر پائے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے حتمی سرکاری نتائج کے اعلان رات 9 یا 10 بجے تک کیا جائے گا۔ پی پی 168 لاہور کے ضمنی الیکشن کے نتائج کو ن لیگ کو بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں