بڑے پیمانے پر اصلاحات لانا چاہتے ہیں ،کارکردگی بہتر بنانے کی گنجائش ہے ،عبدالعلیم خان

ترجیحات کا تعین ہو چکا ، اب عملدرآمد کا ٹاسک پورا کریں گے سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی سربراہ جوآنا ریڈ سے گفتگو

جمعرات 13 دسمبر 2018 22:42

بڑے پیمانے پر اصلاحات لانا چاہتے ہیں ،کارکردگی بہتر بنانے کی گنجائش ہے ،عبدالعلیم خان
لاہور۔13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں بڑے پیمانے پر اصلاحات لانا چاہتے ہیں ،ہر شعبے میں کارکردگی بہتر بنانے کی بڑی گنجائش موجود ہے اور ترجیحا ت کا تعین ہو چکا ہے جن پر عملدرآمد کا ٹاسک پورا کریں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں برطانوی ادارے ڈیفڈ کی سربراہ جوآنا ریڈ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ،سینئر وزیر نے کہا کہ وفاق کی طرح پنجاب میں بھی اکثر مسائل مالی بحران کے باعث ہیں سابقہ حکومت نے من مانیاں کرتے ہوئے ایسے نا قابل عمل منصوبے چلائے جنہیں مستقبل میں اسی طرح جاری رکھنا قومی خزانے پر بوجھ ہوگا ،انہوں نے کہا کہ پنجاب کی مالی مشکلات کے باعث سالانہ ترقیاتی پروگرام کو کم کرنا پڑا ہے اور کئی ایک شعبوں پر کٹ لگایا گیا ہے، عبدالعلیم خان نے کہا کہ بہتری کی طرف سفر شروع کر دیا ہے اور انشاء اللہ آئندہ6ماہ میں واضح اور مثبت فرق محسوس ہونا شروع ہو جائے گا ،سینئر وزیر نے ڈیفڈ کی سربراہ کو بتایا کہ صرف لاہور شہر کی صفائی کیلئے سوا ارب روپے ماہانہ کا خطیر خرچہ ہو رہا ہے ،اسی طرح میٹرو اور اورنج لائن ٹرین کے منصوبے نا قابل برداشت مالی بوجھ کے حامل ہیں ، عبدالعلیم خان نے بتایا کہ پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام تبدیلیوں کا حامل ہو گاجس میں ویلج کونسلز کے ذریعے صوبے کے 25ہزار دیہاتوں میں بیک وقت ترقی کا عمل شروع ہوگا ،انہوں نے بتایا کہ تفصیلی مشاورت ہو چکی ہے اور نیا بلدیاتی بل قانونی مراحل میں ہے جو جلد پیش ہو سکتا ہے ،سینئر وزیر نے پنجاب میں تعلیم ،صحت اور مختلف شعبوں میں ڈیفڈ کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔

(جاری ہے)

اپنی گفتگو میں ڈیفڈ پاکستان کی سربراہ جوآنا ریڈ نے پنجاب میں100روزہ پلان ،حکومتی ترجیحات اور اب تک کی پیش رفت کو قابل ستائش قراردیتے ہوئے کہا کہ اُ ن کا ادارہ صوبے میں جاری تعاون میں مزید اضافہ کرے گا ،اسی طرح برطانیہ سے ڈیفڈ کی وزیر بھی جلد پاکستان کا دورہ کریں گی ،انہوں نے سینئر وزیر عبدالعلیم خان سے پنجاب کے مختلف محکموں کے حوالے سے دو طرفہ تعاون اور مستقبل کی منصوبہ بندی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ،اس موقع پر ڈیفڈ پنجاب کے سربراہ جنال شاہ بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں