وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں نوجوانوں کا مستقبل محفوظ ہو گا ‘چوہدری محمدسرور

اداروں کو مضبوط وسیاسی اثر و رسوخ سے پاک بنایا جائے گا اور احتساب کا ایسا نظام لائیں گے کہ ادارے حکومت وقت کا احتساب کر سکیں پاکستان کو حقیقی معنوں میں بانی پاکستان قائد اعظم اور شاعر مشرق علامہ اقبال کے افکار کے مطابق بنائیں گے ‘گورنر پنجاب کا تقریب سے خطاب

جمعرات 13 دسمبر 2018 23:33

وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں نوجوانوں کا مستقبل محفوظ ہو گا ‘چوہدری محمدسرور
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں نوجوانوں کا مستقبل محفوظ ہو ، نوکریوں کے لئے سفارش نہ کرنا پڑے ، قانون کی بالادستی ہو ، ہر شخص کو بلا امتیاز انصاف، صحت اورتعلیم کی سہولیات میسر ہوں ،اداروں کو مضبوط وسیاسی اثر و رسوخ سے پاک بنایا جائے گا اور احتساب کا ایسا نظام لائیں گے کہ ادارے حکومت وقت کا احتساب کر سکیں ،پاکستان کو حقیقی معنوں میں بانی پاکستان قائد اعظم اور شاعر مشرق علامہ اقبال کے افکار کے مطابق بنائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایوان اقبال ، لاہور میں یوتھ امپاورمنٹ سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقدہ انٹر نیشنل جشن اقبال کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں صدر یوتھ امپاورمنٹ سوسائٹی عرفان بٹ اور ایڈمنسٹریٹر ایوان اقبال انجم وحید کے علاوہ طلبا و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری حکومت کی کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی پہلی حکومت ہے جس نے اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تمام شعبوں میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جو ٹیلنٹ اور قابلیت پاکستان کے جوانوں میں ہے وہ کسی اور ممالک کے جوانوں میں نہیں ۔گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خاں بھی فکر اقبال کے علمبردار ہیں اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عدل و انصاف ، مساوات ، عوامی فلاح و بہبود اور عالمی سطح پر مضبوط معیشت کی خواہاں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز اس وقت ایک بحرانی کیفیت سے گزر رہا ہے اور پاکستان کو باہمت ، با صلاحیت اور اقبال کے شاہینوں سے بہت سی امید یں وابستہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جس قوم کے نوجوان بیدار اور باشعور ہوں اس قوم کا مستقبل محفوظ ہوتا ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ علامہ اقبال نے معاشرے کو مثبت سوچ کی فکر دی اور نوجوان نسل کو انقلابی پیغام کے ذریعے ایک آزاد اور خود محتار قوم بننے کی ترغیب دی ۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے ایسے سیاسی نظام کا نظریہ پیش کیا جس میں معاشرے کے کمزور محروم طبقے کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہو ۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علامہ اقبال نے اسلامی فکر اور مدینہ کی ریاست کو اسلامی معاشرے کی اساس قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری میں نوجوانوں کو شاہین سے تعبیر کیا ہے اور وہ نوجوانوں میں عقابی روح پیدا کرنا چاہتے تھے ۔ گورنر پنجاب نے جشن اقبال کی تقریبات منعقد کرنے پر یوتھ امپاورمنٹ سوسائٹی کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے نوجوانوں کو علامہ اقبال کے نظریات سے آگاہی کے مواقع میسر آئیں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں