پی پی 168 لاہور سے مسلم لیگ ن کو شکست کا سامنا

مسلم لیگ ن کےاُمیدوار رانا خالد نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دے دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 14 دسمبر 2018 12:44

پی پی 168 لاہور سے مسلم لیگ ن کو شکست کا سامنا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 دسمبر 2018ء) : لاہور کے حلقہ پی پی 168 میں گذشتہ روز ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ ہوئی جس کے نتیجے میں پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار اسد کھوکھر کو کامیابی حاصل ہوئی۔ پاکستان تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن سے یہ نشست چھینی تو انتخاب میں حصہ لینے والے مسلم لیگ ن کے اُمیدوار رانا خالد نے دھاندلی کا الزام عائد کیا جس کے بعد اب رانا خالد نے حلقے کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دے دی ہے۔

یہی نہیں رانا خالد نے ریٹرننگ افسر سے استدعا کی کہ حلقہ پی پی 168 سے پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار اسد کھوکھر کی کامیابی کا نوٹی فکیشن فی الوقت جاری نہ کیا جائے۔ الیکشن کمیشن پنجاب کے مطابق حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 26 ہزار 912 ہے، ووٹرز کی آسانی کیلئے 83 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے۔

(جاری ہے)

پولنگ کا عمل گذشتہ شام 5 بجے تک بغیر کسی تعطل کے جاری رہا۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی پی 168 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار اسد کھوکھر نے 17 ہزار 579 ووٹس سے کامیابی حاصل کی جبکہ مسلم لیگ ن کے اُمیدوار رانا خالد نے 16 ہزار 892 ووٹس حاصل کیے۔ پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے اسد کھوکھر کے دفتر کے باہر آتش بازی کی اور ان کی جیت کا جشن منایا۔ یاد رہے کہ پی پی 168 کی یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے قومی اسمبلی کا رکن منتخب ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔

خواجہ سعد رفیق نے قومی اسمبلی کی نشست پر کامیابی کے بعد صوبائی اسمبلی کی نشست چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ خواجہ سعد رفیق کی جیتی ہوئی نشست ضمبنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے پاس چلی جانے کو مسلم لیگ ن کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں