خواجہ برادران نے جس استقامت سے بددیانتی اور کرپشن کی اسی استقامت سے کرپشن کا حساب دیں‘فیاض الحسن چوہان

جمعہ 14 دسمبر 2018 14:49

خواجہ برادران نے جس استقامت سے بددیانتی اور کرپشن کی اسی استقامت سے کرپشن کا حساب دیں‘فیاض الحسن چوہان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2018ء) وزیراطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ خواجہ برادران نے جس استقامت سے بددیانتی اور کرپشن کی اسی استقامت سے کرپشن کا حساب دیں ،دو دن سے خواجہ برادران چیخ رہے ہیں کہ انہیں ناشتے میں انڈے آمیلٹ نہیں مل رہا، کیا وہ سالگرہ منانے یا شالیمار باغ میں آئے ہیں،نیب قانون کے مطابق کام کر رہی ہے، حمزہ شہباز کا ضروری سمجھیں گے تو نیب گرفتار کر لے گی،آصف زرداری اور بلاول بھٹو سن لیں یہ بلاول ہائوس نہیں کہ مرضی سے گھومیں کھائیں اور پیئیں گے، یہ ریاست ہے، جب ادارے بلائیں گے تو پیش ہونا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ لاہور کے عوام کو ادراک ہوگیا ہے کہ کرپشن (ن) لیگ کا مطلوب اورمرغوب مشغلہ ہے، وعدہ معاف گواہ نیب کی ایجاد نہیں ہے ہر معاشرے و قانون میں موجود ہوتاہے، قیصر امین بٹ نے کہا کہ ندیم ضیا نہیں بلکہ خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق اہم سرغنہ اور فرنٹ مین تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دو دن سے خواجہ برادران چیخ رہے ہیں کہ ناشتہ میں انڈے آملیٹ نہیں مل رہا، آپ سالگرہ منانے یا شالیمار باغ سیر کے لئے نہیں آئے، نیب نے لوٹ مار میں پکڑا ہے اور وہ بھی بے حساب ہے، قورمہ نہاری چنے چھولے مانگ رہے ہو، جس استقامت سے کرپشن کی، اب اسی استقامت سے سزا بھی بھگتیں اور کرپشن کا حساب دیں۔انہوں نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر پر(ن) لیگ پنجاب اسمبلی میں منافقانہ رویہ اختیارکررہی ہے ، وفاق اور سینٹ میں پروڈکشن آرڈر کا قانون موجود ہے، پنجاب اسمبلی میں نہیں۔

قانون اسمبلی لایا گیا لیکن افسوس ہے کہ (ن) لیگ نے پروڈکشن آرڈر قانون پاس نہیں ہونے دیا، (ن) لیگ اپنے کھودے ہوئے گڑھے میں خود گررہی ہے اور اب وہ اس معاملے پر واویلا مچا رہے ہیں، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ پروڈکشن آرڈر کے مسئلے پر کام کیا جائے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیب قانون کے مطابق کام کررہا ہے ،ریفرنس دائر ہونے پر ملزم کو گرفتار کرنا ضروری ہے ،حمزہ شہباز پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہیں لیکن وہ یہ پتلی گلی سے رات کے اندھیرے میں فرار ہورہے تھے، حمزہ شہباز کو علم ہے کہ انہوں نے پکڑے جانا ہے، نیب جب ضروری سمجھے گا حمزہ شہباز کو بھی گرفتار کر لے گا۔

آج اگر وہ اسمبلی آرہے ہیں تو یہ میراکریڈٹ ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے آصف زرداری اور بلاول کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سن لیں یہ بلاول ہائوس نہیں کہ مرضی سے گھومیں کھائیں اور پیئیں گے، یہ ریاست ہے، جب ادارے بلائیں گے تو پیش ہونا ہوگا، ریاستی ادارے فیاض چوہان یا عمران خان سمیت جسے طلب کریں وہ پیش ہونے کا پابند ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں