سابقہ حکومت میں چہیتے کالم نویسوں کو نوازے جانے کا انکشاف

چہیتے کالم نویسوں کر سرکاری خزانے سے رقم دئے جانے کا انکشاف بھی سامنے آ گیا ، انکوائری شروع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 14 دسمبر 2018 14:29

سابقہ حکومت میں چہیتے کالم نویسوں کو نوازے جانے کا انکشاف
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 دسمبر 2018ء) : سابقہ دور حکومت میں چہیتے کالم نویسوں کو نوازے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کالم نویسوں کو سرکاری خزانے سے رقم دی جاتی تھی۔ اس حوالے سے قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق سابقہ حکومت میں پاک جمہوریت کے نام پر سرکاری طور پر شائع ہونے والے میگزین میں مختلف اخبارات کے اندر چھپنے والے کالمز کو اپنے افراد کے ناموں سے چھپوا کر من پسند افراد کو سرکاری خزانے سے رقم دی جاتی رہی ۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مختلف اخبارات میں چھپنے والے کالم نویسوں کا نام تبدیل کر کے یہ کالمز سابقہ حکومت کے من پسند افراد کے ناموں سے چھپتے رہے ، ان کو کس طرح سرکاری خزانے سے رقم دی جاتی رہی اور اس کا ذمہ دار کون ہے، اس حوالے سے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تحقیقات میں جنوری تا مارچ 2018ء کے شمارے میں چھپنے والے چھ کالمز کے حوالے سے ثبوت حاصل کر لیے گئے ہیں ، یہ مختلف اخبارات میں چھپے ہوئے کالمز پر نام تبدیل کر کے نہ صرف چھاپے گئے بلکہ اس سے فائدہ بھی اُٹھایا گیا ہے۔

قومی اخبار کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سابقہ دور حکومت میں باقاعدہ ایسے تمام افراد جو کہ حکومت کے منظور نظر تھے ان کو نوازنے کے لیے پاک جمہوریت میگزین میں بطور کالم نویس رکھ کر فی کالم اچھی خاصی رقم سرکاری خزانے سے دی جاتی تھی ۔ مصدقہ ذرائع نے بتایا کہ نئی حکومت کے آ تے ہی محکمہ اطلاعات و نشریات نے شکایت ملنے پر انکوائری شروع کی تو موجودہ شمارے میں چھ کالم ایسے نکل آ ئے جو کہ مختلف اخبارات میں اصل کالم نگاروں کے ناموں سے چھپ چکے تھے اور پھر ان کالموں کو اسی طرح کوئی لفظ بھی تبدیل کئے بغیر صرف ناموں کو تبدیل کر کے سرکاری میگزین میں کالم چھپنے کے لیے بھیج دیئے گئے اور اس میگزین کی مجلس ادارت کے ذمہ داران نے یہ چیک کرنا بھی گوارہ نہ کیا کہ جو کالم آ ئے ہیں وہ کسی اور اخبار میں یا کسی میگزین میں پہلے سے چھپے تو نہیں ہوئے۔

ان کو اسی طرح سابقہ روایات کے مطابق نوازنے کے لیے نہ صرف چھاپ دیا گیا بلکہ ان کو معاوضہ دینے کے بھی احکامات جاری کر دیئے گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ ماضی میں بھی ن لیگی دور حکومت سے یہی سلسلہ چلتا آ رہا ہے ۔ سرکاری میگزین پاک جمہوریت میں جن کالم نویسوں کے حوالے یہ چیز سامنے آئی ہے کہ انہوں نے مختلف اخبارات میں چھپے کالم نویسوں کے چھپے کالم اپنے نام سے بھیجے ، اس میں زاہد حسین ، عبد الصمد ، عشرت نقوی ، سنان ادریس، طارق محمو د بٹ ، ولی محمد انجم کے نام شامل ہیں، ذرائع کے مطابق ان افراد کے خلاف ہونے والی انکوائری میں یہ ثابت بھی ہو چکا ہے کہ ان کے بھیجے ہوئے کالم جو سرکاری میگزین میں بھی چھپ چکے ہیں وہ چوری شدہ کالم ہیں سابقہ حکومت میں یہ ایک نوازنے کا طریقہ شروع ہو ا تھا جسے موجودہ حکومت نے فوری طور پر بند کر دیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں