آئی جی پنجاب کا صوبے بھر میں پنجاب پولیس کے تمام مسیحی ملازموں کے ساتھ بڑا کھانا اور دیگر تقریبات منعقد کروانے کا فیصلہ

جمعہ 14 دسمبر 2018 18:01

آئی جی پنجاب کا صوبے بھر میں پنجاب پولیس کے تمام مسیحی ملازموں کے ساتھ بڑا کھانا اور دیگر تقریبات منعقد کروانے کا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2018ء) پنجاب پولیس مذہبی رواداری کا احترام کرتی ہے اور صوبے میں رہنے والے تمام اقلیتوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور یہی وجہ ہے کہ صوبے بھر میں پنجاب پولیس کے تمام مسیحی ملازموں کے ساتھ بڑا کھانا اور دیگر تقریبات منعقد کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب امجد جاوید سلیمی نے یہ ہدایات صوبے بھر میں تمام آر پی او ، سی پی اوز اورڈی پی اوزکو جاری کیے گئے احکامات میں کیں۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے کہا کہ صوبے بھر کی پولیس لائنزمیں محکمہ کے تمام مسیحی ملازموں کے ساتھ ساتھ متعلقہ اضلاع کے مسیحی سربراہان کو بھی تقریبات میں مدعو کریں اورا ن کے لیے بڑے کھانے کا اہتمام کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام آر پی او، سی پی اوز اور ڈی پی اوز ان تقریبات میں خود شرکت کر کے مسیحی برادری کے ساتھ خیر سگالی اور بھائی چارے کا اظہار کریں۔ آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے یہ تمام تقریبات 25دسمبر سے پہلے منعقد کرنے کی ہدایت بھی جاری کی تا کہ مسیحی ملازمین 25دسمبر کو کرسمس ڈے کی تقریبات میں بھرپور شرکت کرسکیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں