پاکستان کی خاطر حکومت کیساتھ پورا تعاون کریں گے‘حمزہ شہباز

جمعہ 14 دسمبر 2018 18:58

پاکستان کی خاطر حکومت کیساتھ پورا تعاون کریں گے‘حمزہ شہباز
لا ہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2018ء) پنجا ب اسمبلی میں قا ئد حزب اختلا ف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ خوش آیند بات ہے کہ 100 دن بعد حکومت کو سمجھ آگئی کہ پارلیمنٹ کی کارروائی ایسے نہیں چل سکتی،پاکستان کی خاطر حکومت کیساتھ پورا تعاون کریں گے۔ امید کرتا ہوں کہ اب پارلیمینٹ کو چلانے کیلئے حکومت کو اگلے 100 دن سمجھنا نہیں پڑے گا ،ہم نے مشرف کا احتساب بھی جھیلا ہے نیازی کا بھی جھیل لیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈرحمزہ شہباز وفاقی حکومت پر برس پڑے ان کا کہنا تھا کہ مجھے نیازی صاحب پر ترس آتا ہے وہ دن رات بغض اور حسد کی آگ میں جل رہے ہیں مجھے روک کر اگر بغض اور حسد ختم ہوتا ہے تو کریں، لیکن عوام کے مسئلے حل کریں اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے آپ اپنا چہرہ بے نقاب کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ ہم نے مشرف کا احتساب بھی جھیلا ہے نیازی کا بھی جھیل لیں گے، مجھے ایئرپورٹ پر روکا گیا اور کہا گیا کہ اوپر سے حکم ہے آپ نہیں جاسکتے،ای سی ایل میں نام نہ ہونے کے باوجود ایسا سلوک کیا جیسا کہ دہشت گردوں کے ساتھ ہوتا ہے،انھوں نے کہا کہ شہباز شریف کے اوپر اربوں کا غبن ثابت کرنے کے لیے نیب کے پاس کچھ نہیں،کچھ لوگوں پر ریفرنس دائر ہوئے مگر ان کو گرفتار نہیں کیا گیا،جب کہ پاکستانی قوم نے دیکھا کہ ہمیں بلایا کسی اور کیس میں تھا اور گرفتار کسی اور کیس میں کیا گیا۔

اب وقت آگیا ہے کہ نیب کے قانون میں ترمیم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ خواجہ سلمان رفیق بہت محنتی انسان ہیں جن کے پروڈکشن آرڈر فی الفور جاری کئے جانے چاہئیں، مجھے بتایا گیا ہے کہ تین صوبائی اسمبلیوں میں یہ رولز ہیں مگر پنجاب اسمبلی میں نہیں، اگر نہیں ہیں تو ہمیں آگے چلنا ہے اور ان رولز کو بنانا ہے، وقت بدلتا رہتا ہے، آج جو حکومت میں ہیں وہ اپوزیشن میں ہوں گے، ہمیں طویل مدتی منصوبہ بندی کرنی ہے اس لئے سپیکر پنجاب اسمبلی کو چاہئے کہ وہ اس کی گنجائش پیدا کریں اور فی الفور پروڈکشن آرڈر جاری ہونے چاہئیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں تحریک انصاف کے لوگ ہی کہتے ہیں ہم سے زیادتی ہو گئی ہے کیونکہ غریبوں کے ٹھیلے اور گھر گرا دئیے ہیں۔ پنجاب میں بھی غریب لوگ ہیں اور جیسا کہ میں نے پہلے بتایا تھا کہ اوکاڑہ میں ایک شخص کا گھر گرا دیا گیا اور اسے دل کا دورہ پڑا اور وہ فوٹ ہو گیا، لہٰذا غریبوں کے گھروں پر بلڈوزر مت چلائیں، بنی گالہ میں تجاوزات پر تو آج کی تاریخ تک کوئی کارروائی نہیں ہو سکی اور غریبوں کے گھر، ٹھیلے، جو ان کی کل کائنات ہوتی ہے، کا پنجاب سے صفایا کر دیا گیا ہے، جو بہت افسوسناک بات ہے۔

انہو ں نے مزید کہا کہ بینظیر بھٹو شہید کے دور میں 6 مہینے جیل کاٹی اور جب عدالت میں پیش کیا گیا تو جج نے کہا کہ اس کی عمر کم ہے، اس پر مقدمہ ہی نہیں بنتا۔ اس کے بعد پرویز مشرف کا 10 سالہ دور تھا جس میں لوگوں کو ملک سے باہر جانے کی اجازت نہیں تھی لیکن مجھے شہر سے بھی باہر جانے کی اجازت نہیں تھی، اس وقت بھی شریف خاندان سرخرو ہوا تھا۔ میں ایک پاکستانی شہری ہوں لیکن جب ائیرپورٹ پر گیا تو مجھے بتایا گیا کہ آپ باہر نہیں جا سکتے، میں نے کہا کہ میرا نام ای سی ایل میں نہیں ہے اور یہ میرا بنیادی حق ہے کہ میں فضائی سفر کر سکوں مگر مجھے یہ کہہ کر روک دیا گیا کہ اوپر سے حکم آیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں