صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل نے پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹیٹیوشن آن لائن کولیکشن سسٹم کا افتتاح کر دیا

موبائل اپلیکیشن کا بنیادی مقصد صنعتی اداروں اور کارکنان کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔ کارکنان کو ہر قیمت پر بنیادی حقوق دلوانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، انصر مجید خان

جمعہ 14 دسمبر 2018 21:18

صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل نے پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹیٹیوشن آن لائن کولیکشن سسٹم کا افتتاح کر دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل انصر مجید خان نے پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹیٹیوشن آن لائن کولیکشن سسٹم کا افتتاح کر دیا۔اس موقع پر سیکرٹری لیبر سارہ اسلم، کمشنر پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹیٹیوشن ثاقب منان، چیئرمین پی اینڈ ڈی و چیئرمین پی آئی ٹی بی حبیب الرحمن، بنک آف پنجاب کے نمائندے وقار انیس، پیسی اور پی آئی ٹی بی کے افسران کے علاوہ شرکاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تقریب کا انعقاد ارفع کریم ٹاور میں کیا گیا۔ صوبائی وزیرمحنت و انسانی وسائل انصرمجید خان نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کے دوران کہا کہ موبائل اپلیکیشن کا بنیادی مقصد صنعتی اداروں اور کارکنان کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

کارکنان کو ہر قیمت پر بنیادی حقوق دلوانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہی-لیبر پالیسی کا اعلان، چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے ہنگامی اقدامات اور آن لائن کولیکشن سسٹم کو متعارف کروانا 100 دن کے ایجنڈا کی کڑی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق تمام ادارے عوام کے لئے سہولیات پیدا کرنے کے لئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔صنعتی اداروں میں کارکنان کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے تمام اقدامات کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔چیئرمین پی اینڈ ڈی و پی آئی ٹی بی حبیب الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن پی آئی ٹی بی اور بنک آف پنجاب کے اشتراک سے صنعتی اداروں اور کارکنان کو سہولت دینے کے لئے قلیل عرصہ میں بہترین موبائل ایپ تیار کی گئی ہے۔

کارکنان کے دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی بجائے صرف ایک کلک کے ذریعے آن لائن تمام مسائل حل ہوں گے۔کمشنر پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹیٹیوشن ثاقب منان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی اداروں اور کارکنان کی آسانی کے لئے موبائل ایپ پر تمام اداروں کے ڈیٹا کو آپس میں منسلک کیا گیا ہے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پی آئی ٹی بی صائمہ شیخ نے سوفٹ ویئر کے خدوخال پر روشنی ڈالی۔

وائس کمشنر پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن کلثوم ثاقب،پی آئی ٹی بی کی صائمہ شیخ اور بنک آف پنجاب کے وقار انیس نے منتھلی کنٹری بیوشن پورٹل کے معاہدہے کی یادداشت پر دستخط کئے۔صوبائی وزیرمحنت و انسانی وسائل انصر مجید خان نے تقریب میں آن لائن کولیکشن سسٹم کی ایپ بنانے میں نمایاں کردار ادا کرنے پر افسران کے درمیان تعریفی اسناد اور شیلڈز تقسیم کیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں