صوبا ئی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد اور سردار محسن لغاری کی انجینئرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات ،ْ

حکومت انجینئرز کے مطالبات کی راہ میں رکاوٹیں دور کرے گی،مسائل حل کریں گے،وزیر صحت

ہفتہ 15 دسمبر 2018 17:56

صوبا ئی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد اور سردار محسن لغاری کی انجینئرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات ،ْ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور وزیر آبپاشی سردار محسن لغاری نے یقین دلایا ہے کہ پنجاب حکومت انجینئرزکی تنخواہوں اور ترقیوں کے عمل میں بہتری کے لئے اقدامات کرے گی، ہفتہ کے روز یہاں انجینئرز ایسوسی ایشن کے وفد سے صدر وقاص جاوید کی قیادت میں ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ انجینئرز معاشرے کا انتہائی کوالیفائیڈ طبقہ ہیں، ان کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی، ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ حکومت انجینئرز کی مراعات میں اضافے پر سنجیدگی سے غور کرے گی، سروس سٹرکچر اور ترقیوں کا طریقہ کار بھی بہتر بنایا جائے گا، انہوں نے انجینئرز ایسوسی ایشن کی طرف سے بات چیت کا راستہ اختیار کرنے کی سوچ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مسئلے کے حل کے لئے احتجاج کی بجائے مذاکرات ہی سب سے مناسب طریقہ ہے، حکومت سرکاری محکموں کے انجینئرز کے مسائل سے اچھی طرح آگاہ ہے اور چاہتی ہے کہ انہیں باوقار انداز میں زندگی گزارنے کے تمام مواقع فراہم کئے جائیں، حکومت انجینئرز کے مطالبات کی راہ میں رکاوٹیں دور کرے گی، انجینئرز کا شعبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے، ان کو درپیش مسائل حل کریں گے،اجلاس میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ، آبپاشی،مواصلات و تعمیرات، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور دیگر شعبوں کے انجینئرز کے مطالبات پر غور کیا گیا، دونوں وزراء نے انجینئرز کے مسائل پر جلد مثبت پیشرفت کی یقین دہانی کرائی، وزیر آبپاشی سردار محسن لغاری نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ آبپاشی، سی اینڈ ڈبلیو اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے انجینئرز کا ملکی انفراسٹرکچر کی ترقی میں بنیادی کردار ہے، وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے انجینئرز کے مسائل کے حل کے لئے جامع سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کی ہے، حکومت انجینئرنگ کے شعبے کو نظرانداز نہیں کرے گی اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں