پیرا گون سٹی میں وعدہ معاف گواہ بننے والے قیصر امین بٹ کی طبیعت تشویشناک

پیرا گون ہائوسنگ سکینڈل میں گرفتار سابق ایم پی اے قیصر امین بٹ کو طبیعت خراب ہونے پر پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں داخل کروا دیا گیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 15 دسمبر 2018 20:23

پیرا گون سٹی میں وعدہ معاف گواہ بننے والے قیصر امین بٹ کی طبیعت تشویشناک
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-15 دسمبر2018ء) خواجہ سعد رفیق کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے والے قیصر امین بٹ کی طبیعت انتہائی خراب ہوگئی۔انہیں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں داخل کروا دیا گیا۔پیرا گون ہائوسنگ سکینڈل میں گرفتار سابق ایم پی اے قیصر امین بٹ کو طبیعت خراب ہونے پر پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں داخل کروا دیا گیا۔ جہاں پر ڈاکٹرز نے ان کا ایکو ٹیسٹ سمیت دیگر ٹیسٹ بھی کئے۔

واضح رہے کہ قیصر امین بٹ پیراگون سٹی کیس میں خواجہ سعد رفیق کے خلاف وعدہ معاف گواہ بنے تھے۔انہوں نے اپنے اعترافی بیان میں انکشاف کیا تھا کہ خواجہ سعد رفیق نے ندیم ضیا کو متعارف کروایا اور کہا کہ ندیم ضیا بہت کام کا لڑکا ہے۔یہ ہمارے کام کی دیکھ بھال کرے گا جس کے بعد میں نے خواجہ سعد رفیق ،سلمان اور ندیم کے ساتھ ملکر 1997 میں ایک کمپنی بنائی۔

(جاری ہے)

اس کمپنی میں خواجہ سعد رفیق کی بیگم غزالہ،ندیم ضیا کی بیگم شمع،سلمان رفیق اور ندیم ضیا شراکت دار تھے۔ہم نے 2000 میں اے کے ایم ایس نام کی کمپنی بنائی جس میں خواجہ سعد رفیق کی اہلیہ ، سلمان رفیق اور ندیم ضیاء حصہ دار تھے۔اس سارے معاملے میں غزالہ بیگم کا نام استعمال ہوا جبکہ سارا کام سلمان اور سعد رفیق کرتے تھے۔یہی حال ندیم ضیا کا تھا۔

اس بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ 2000 میں ہم نے موضع جھگیاں اور سیج پال جو لاہور کینٹ میں واقع ہے وہاں جائیداد خریدی ۔ہم نے 200 کنال زمین خریدی جبکہ ہم نے 806 کنال زمین کے بیانے لوگوں کے ساتھ کئیے۔یہ زمین میرے نام پرکروائی گئی۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس زمین کی خریداری میں سلمان اور سعد رفیق نے رقم لگائی۔ہم نے اس زمین پر ائیرایونیو نامی ہاوسنگ اسکیم شروع کرنا چاہی لیکن اس کو لانچ نہ کیا جاسکا جس کے بعد ہم نے یہ زمین اربن ڈویلپرز اور ایڈن ڈویلپرز کو بیچ دی اور اس کے بعد موضع پھلرواں اور ڈھوک رائے میں زمین خریدی جس پر نئی ہاوسنگ اسکیم بنائی گئی۔

اس میں سے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق نے اپنا نام نکال لیا اور ندیم ضیا کا نام ڈال دیا۔اس اسکیم میں ہم دونوں نصف نصف حصے کے شراکت دار تھے۔ان کے بیان کے سامنے آنے کے بعد ہی خواجہ سعد رفیق کی گرفتاری عمل میں آگئی تھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں