وزیراعلیٰ سے مختلف علاقوں کے 300 سے زائدافراد کی ملاقات

وزیراعلیٰ نے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکا م کو احکامات دیئے، مراد راس اور تیمور بھٹی نے بھی شہریوں کے مسائل سنے کمزور کیساتھ ہوں اور ظالم کیخلاف، عوام کا حق کسی کو نہیں مارنے دوں گا‘ عثمان بزدار

ہفتہ 15 دسمبر 2018 22:20

لاہور۔15 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں جنوبی پنجاب سمیت مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 300 سے زائدافراد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ فرداً فرداً ہر شخص کی نشست پر گئے اور ان کے مسائل سنے۔وزیراعلیٰ نے لوگو ں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر متعلقہ حکا م کو احکامات جاری کئے۔

صوبائی وزراء مراد راس اور رائے تیمور خان بھٹی نے بھی شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے ہی وزیراعلیٰ بنا ہوں اور میرا مشن صرف عوام کی خدمت او ران کے مسائل حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مافیا کے لئے کوئی جگہ نہیں۔

(جاری ہے)

با اثر مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں کمزور کے ساتھ کھڑا ہوں اور ظالم کے خلاف، عوام کا حق کسی کو نہیں مارنے دوں گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو سہولت دینے کیلئے لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے اراضی سینٹرز کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رواں مالی برس تک دور دراز علاقوں میں 120 نئے اراضی سینٹر قائم کئے جائیں گے،جن میں 25 موبائل اراضی سینٹرز بھی شامل ہوں گے۔

موبائل اراضی سینٹرز کیلئے خصوصی وین خریدی جائیں گی اور انہیں ضرورت کے مطابق دوردرازعلاقوں میں بھیجا جائے گا۔ ان سینٹرز کے قیام سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے عوام دوست اقدامات کے ذریعے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے۔انہوں نے کہا کہ100روز میں جتنا کام موجودہ حکومت نے کیا ہے اتنا ماضی کی حکومتیں اپنے کسی دور میں نہیں کر سکیں۔

ہماری طاقت عوام ہیں اور عوام کے مسائل میں اپنے مسائل سمجھتا ہوں۔عام آدمی کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔موجودہ دورعوام کی خوشحالی کا دور ہے،عوام کے مسائل حل کرنے والے ہمارے لئے قابل احترام ہیں اورجوعوامی مسائل حل نہیں کریں گے ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کے ازالے کا باقاعدگی سے خود جائزہ لیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے مختصر عرصے میں شہریوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لئے بے پناہ محنت سے کام کیا ہے اور کپتان نے پاکستان کو اس کی منزل کی طرف رواں دواں کر دیا ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر حکام بھی موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں