میرٹ پر عمل ہو گا لیکن عوامی مسائل کے حل پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ‘عبدالعلیم خان

حکومت کو لوگوں کی مشکلات کا بخوبی علم ہے جن پر قابو پانے کیلئے لائحہ عمل سامنے لا رہے ہیں‘سینئر صوبائی وزیر

اتوار 16 دسمبر 2018 18:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ میرٹ پر عمل ہو گا لیکن عوامی مسائل کے حل پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا حکومت کو لوگوں کی مشکلات کا بخوبی علم ہے جن پر قابو پانے کیلئے ایسا لائحہ عمل سامنے لا رہے ہیں جس کے ذریعے کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ مسائل حل ہو سکیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی سیکرٹریٹ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ کچی آبادیوں کیلئے نئی پالیسی تشکیل دی جائے گی اور اپنے سابقہ دور وزارت2003-07کی طرح لوگوں کو کم سے کم اخراجات میں رجسٹریاں کروا کر دی جائیں گی ،انہوں نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی سمیت عوام کے بنیادی مسائل کا حل حکومت کی اولین ذمہ داری ہے جسے ہر حال میں پورا کیا جائے گا ، انہوں نے پی پی168میں تحریک انصاف کی کامیابی پر پارٹی کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ این ای131میں ضمنی الیکشن ہو سکتا ہے اور انشا اللہ وہاں بھی تحریک انصاف ہی جیتے گی ، سینئر وزیر نے لاہور کینٹ کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے نئی پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی حکومت نے لاہور شہر کے کوڑا کرکٹ کو بھی نہیں بخشا اور یہاں سے بھی مال بنایا گیا، عبدالعلیم خان نے کہا کہ ان کے پبلک سیکرٹریٹ میں اب تک 908تحریری شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں سے 815درخواست دہنددگان کیلئے تحریری احکامات جاری کر دیے گئے اور گزشتہ2ماہ میں40فیصد مسائل حل ہو گئے ہیں ، سینئر وزیر نے اعلان کیا کہ ہر2ہفتے بعد پبلک سیکرٹریٹ میں ان کی بیٹھک ہو گی ،لوگوں کی شکایات سنیں گے اور ان کے ازالے کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری ہوں گے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ عوام نے عمران خان اور ان کی ٹیم پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اتریں گے اور انشا اللہ آئندہ5برسوں میں ترقی و خوشحالی کیلئے نئی راہ متعین کر دی جائے گی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود نے بجلی ،گیس ،واسا،ایل ڈی اے اور دیگر محکموں سے متعلق مختلف مسائل پیش کیے جبکہ قبرستان کی اراضی نہ ہونے ،گندے نالے کو ڈھانپنے اور مختلف ترقیاتی کاموں کی نشاندہی کی ،سابق ایم پی اے محمد شعیب صدیقی نے بتایا کہ کسی حلقے کیلئے کہیں بھی کسی کو آرڈینیٹر کی کوئی نامزدگی نہیں ہوئی اور تمام سیاسی امور مشاورت کے ساتھ آگے بڑھائیں گے ۔اس موقع پرمیاں عامر سلیم ،احمد حیات ، میاں عبدالرزاق،عبدالوحید،چوہدری اقبال گجر ،عمران خان ،وقاص اسلم ،محمد علی رشید ،لکی خان،راجا ذیشان ، سلیم ڈوگر اور معین عابد نے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں