ٹیکس وصولیوںکاڈیجیٹل سسٹم معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا ،گورنرسٹیٹ بنک طارق باجوہ

دسمبر کے اختتام تک سیلز ٹیکس آن سروسز کی آن لائن، اے ٹی ایم اور فون کے ذریعے ادا ئیگی ممکن ہو گی، مخدوم ہاشم جواں بخت

اتوار 16 دسمبر 2018 23:00

لاہور ۔16دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) ٹیکس وصولیوںکاڈیجیٹل سسٹم معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا ۔ سیلز ٹیکس کی آن لائن ادائیگی کاروباری طبقہ کے لیے آسانیاں پیدا کرے گی۔ حکومت پنجاب صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار میں آسانی کے لیے موافق فضاء ہموار کر رہی ہے ۔دسمبر کے اختتام تک سیلز ٹیکس آن سروسز کی آن لائن، اے ٹی ایم اور فون بینکنگ کے ذریعے ادا ئیگی ممکن ہو گی۔

جلد ہی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سمیت دیگر اداروں میں ہونے والی تمام وصولیوں کو بھی اس سسٹم کے تحت لایا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار گورنر سٹیٹ بنک آف پاکستان طارق باجوہ اور صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے محکمہ خزانہ کے زیر اہتمام پنجاب ریونیو اتھارٹی میں سٹیٹ بنک آف پاکستان، حکومت پنجاب اور ون لنک کے مابین صوبائی محصولات کی ادائیگیوں کے متبادل ذرائع(ADC) کے حوالے سے مفاہمتی یادگار پر دستخط کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

گورنر سٹیٹ بنک طارق باجوہ نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کاکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی آر اے کا یہ اقدام عام آدمی اور ٹیکس دہندگان دونوں کی ترقی کا سبب بنے گا ۔ اُنھوں نے کہا کہ سٹیٹ بنک آف پاکستان کی اسلامی بینکنگ اور مالی معاونت تک ہر ایک کی رسائی کے علاوہ تین بنیادی ترجیحات ہیں جن میںملک میں کاروبار میں آسانی، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کا فروغ اور زراعت شامل ہیں ۔

صوبائی وزیر خزانہ میڈیا نے کو معاہدہ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ ٹیکس کے اس جدید نظام کے اطلاق سے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس کی ادائیگی کے لیے لائینوں میں کھڑے ہونے یا بنکوں کے چکر کاٹنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی بلکہ وہ ون لنک کے ذریعے گھر بیٹھے ٹیکس کی رقم متعلقہ بنکوں تک ٹرانسفر کر سکیں گے اس کے لیے اُنھیں کو اضافی خرچ نہیں کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی نظام کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن وقت کی اہم ضرورت ہے ۔صوبائی وزیر نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کو ٹیکس کا ڈیجیٹل سسٹم متعارف کروانے والی پہلی صوبائی اتھارٹی کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی ٹیکس دہندگان کے ساتھ براہ راست رابطے ، دوستانہ رویے اور اپنی سمارٹ سروسز کے ذریعے حکومت کے ویژن کو بھرپورانداز میںسپورٹ کر رہی ہے۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے کاروبار میں آسانی کے لیے سہولیات پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت مستقبل میں بھی ایسی اصلاحات جاری رکھے گی جن سے صوبے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اورمعیشت مضبوظ ہو گی۔ چیف سیکرٹری نے صوبے میں ادائیگیوں کے آئن لائن سسٹم کے آغاز کے لیے پی آر کی ٹیم کو خصوصی طور پر مبارکباد پیش کی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں