وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت کا ڈاکٹرکو دھمکی آمیزکال پر بات کرنے سے انکار

ہاکی کے بین الاقوامی ایونٹ کا لاہور میں ہونا خوش آئند بات ہے، صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 17 دسمبر 2018 15:25

وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت کا ڈاکٹرکو دھمکی آمیزکال پر بات کرنے سے انکار
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 17 دسمبر۔2018ء) پنجاب کے وزیر قانون بشارت راجہ نے کہاہے کہ ہاکی کے بین الاقوامی ایونٹ کا لاہور میں ہونا خوش آئند بات ہے، یہ ایونٹ پاکستان کاسافٹ امیج اجاگرکرنے میں اہم کردار ادا کرے گا،آڈیو ٹیپ کے حوالے سے بات کرنے سے انکار کرتے ہوئے میڈیا ٹاک چھوڑ کر چلے گئے. وزیرقانون پنجاب بشارت راجہ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہورمیں میڈیا سے گفتگوکررہے تھے،انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی کا ایک سنہری دور ہے،14برس بعد یہاں کوئی انٹرنیشنل ایونٹ ہورہا ہے، انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ سے مزید سرگرمیاں بحال ہوں گی.

(جاری ہے)

بےنظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کے ایم ایس سے بات چیت پر مبنی آڈیو ٹیپ کے حوالے سے سوال پروزیرقانون پنجاب نے کہا کہ وہ صرف انٹرنیشنل ایونٹ پر ہی گفتگو کریں گے. انہوں نے آڈیو ٹیپ پربات کرنے سے انکار کر دیااورمیڈیا ٹاک چھوڑ کر چلے گئے. وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے حنیف عباسی کی بیٹی ڈاکٹر اریبہ عباسی کو ان کی پسند کے ڈیپارٹمنٹ میں بھجوانے کے لیے بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کے ایم ایس ڈاکٹر طارق نیازی کو ٹیلی فون کیا.

وزیر قانون نے ایم ایس سے کہا کہ ڈاکٹر اریبہ عباسی کو اسکن ڈیپارٹمنٹ میں بھیج دیں ، تاہم ایم ایس ڈاکٹر طارق نیازی نے وزیر قانون پنجاب کی بات ماننے سے صاف انکار کر دیا. وزیر قانون راجہ بشارت نے پوچھا کہ آپ انھیں اسکن ڈیپارٹمنٹ میں کیوں نہیں بھیج سکتے؟ اس پر ڈاکٹر طارق نیازی نے کہا کہ پھر باقی بچیاں بھی کہیں گی کہ ہمیں بھی اسکن ڈیپارٹمنٹ بھیج دیں‘ تو میں باقی بچیوں کو کیوں نہ بھیج دوں؟ آئی ایم سوری میں یہ نہیں کر سکتا‘اس پر صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے انھیں دھمکی دی کہ پھر آپ بھی کل اس ہسپتال میں نہیں ہوں گے ، ایم ایس بے نظیر بھٹو ہسپتال نے کہا کہ بے شک کہیں بھی بھجوا دیں لیکن آپ کی سفارش پر تبادلہ نہیں ہو سکتا.

دریں اثناءڈاکٹر طارق نیازی نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی دھمکی آمیز ٹیلی فون کال کی تصدیق کی. انہوں نے بتایا کہ اس سے پہلے بشارت راجہ کے بھائی بھی دو مرتبہ اس تبادلے کے لیے فون کر چکے ہیں. تبادلہ نہ ہونے پر بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی میں تعینات ڈاکٹر اریبہ عباسی نے استعفا دے دیا‘ ڈاکٹر اریبہ مسلم لیگ( ن) کے رہنما حنیف عباسی کی بیٹی ہیں. ڈاکٹر اریبہ عباسی نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ طارق نیازی پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ طارق نیازی کے تحریک انصاف کے راہنماﺅں سے بھی روابط ہیں اور وہ کئی بار اعتراف بھی کرچکے ہیں‘ ایسی صورت حال میں وہ اپنی ذمہ داریاں نہیں نبھا سکتیں اور عہدے سے استعفا دے رہی ہیں.

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں