زرعی اجناس کے بیج کی نئی اقسام پیدا کرنے اور پیداوار کی لاگت کو کم کرنے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے‘چوہدری محمد سرور

ملک کی ترقی زراعت کی ترقی سے وابستہ ہے ، زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کی طرف سے اسلامی بینکنگ سیٹ اپ کا آغازدراصل وزیر اعظم پاکستان کے ویژن مدینہ کی ریاست کے قیام کی طرف ایک اہم قدم ہے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کر کے کسان کی حالت کو بہتر ،ایکسپورٹ کو بڑھا کر زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے‘گورنر پنجاب

پیر 17 دسمبر 2018 20:55

زرعی اجناس کے بیج کی نئی اقسام پیدا کرنے اور پیداوار کی لاگت کو کم کرنے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے‘چوہدری محمد سرور
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ زرعی شعبہ میں انقلاب لاہور اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے لئے ضروری ہے کہ زرعی اجناس کے بیج کی نئی اقسام پیدا کرنے اور پیداوار کی لاگت کو کم کرنے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے ،ملک کی ترقی زراعت کی ترقی سے وابستہ ہے ، زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کی طرف سے اسلامی بینکنگ سیٹ اپ کا آغازدراصل وزیر اعظم پاکستان کے ویژن مدینہ کی ریاست کے قیام کی طرف ایک اہم قدم ہے ،فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کر کے نہ صرف کسان کی حالت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے بلکہ ایکسپورٹ کو بڑھا کر زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں زرعی ترقیاتی بنک کی طرف سے اسلامی بینکنگ سیٹ اپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں صدر زرعی ترقیاتی بینک شیخ امان اللہ ، ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز آفاق ٹوانہ ، چیئر مین شریعہ بورڈ مفتی ابراہیم عیسی اور مینجنگ ڈائریکٹر کسان سپورٹ سروسز لمیٹڈ بریگیڈیئر (ر) ظہیر احمد کے علاوہ بینک کے افسران اور ملازمین نے شرکت کی ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ بد قسمتی سے ماضی میں بیج کی نئی اقسام پیدا کرنے کے لئے تحقیق اور ریسرچ پر کوئی توجہ نہ دی جا سکی جس کی وجہ سے ہماری پیداوار میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ اس شعبے پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹیوں اور زراعت سے منسلک اداروں کو مل کر کام کرنا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضر کی ضروریات اور جدت کو سامنے رکھتے ہوئے زرعی ترقیاتی بینک نے اسلامی بینکاری کا آغاز کیا جو خوش آئند بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسان اسلامی بینکنگ سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور اب انہیں قرضوں پر سود نہیں لینا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام شعبہ زراعت اور بینک انڈسٹری میں ایک گیم چینجر ثابت ہو گا ، زرعی شعبہ ترقی کرے گا جس سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔صدر زرعی ترقیاتی بینک شیخ امان اللہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی بینکنگ کے خدوخال سے آگا ہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ زرعی ترقیاتی بنک موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے عین مطابق ترقی کے سفر پر گامزن ہے ۔ بعد ازاں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں نیوٹیک کے زیرِ اہتمام تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں میں تقسیمِ انعامات کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فنی تعلیم ہی انسانی ترقی کا قابلِ اعتماد وسیلہ اور ملکی خوشحالی کا ضامن ہے۔

انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم و تربیت کی اہمیت اور افادیت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ آج کا دور سائنسی اور تکنیکی ترقی کا دور ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہی قومیں آگے بڑھ رہی ہیں جو فنی اور تکنیکی تعلیم و تربیت میں آگے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ فنی تعلیم و تربیت پاکستان کی صنعتی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی صنعتی ترقی سے ہی معاشی مسائل، بیروزگاری اور غربت پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خاں کے وژن کے مطابق تکنیکی تعلیم اور فنی مہارت و تربیت کی جانب خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نصابِ تعلیم کو بھی عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے۔گورنر نے کہا کہ نیوٹیک کی کاوشوں سے لاکھوں نوجوان ہنر مند بن رہے ہیں جس سے یقینالاکھوں خاندان معاشی طور پر خود کفیل اور خوشحال ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صنعت کار کو چاہئے کہ وہ آگے بڑھیں اور ملک سے بیروزگاری کے خاتمے کے لئے اپنا بھر پور کردارر ادا کریں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے قرضوں کی فراہمی کے لئے ایک بڑے پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس پلان دینے والے افراد کو کاروبار کے لئے 30لاکھ روپے کا قرض دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں نئی ٹیکنیکل یونیورسٹیاں بھی بنائی جارہی ہیں۔دریں اثناء گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاس لاہور میں کونسل آف بشپ اینڈ ہیڈز آف نیشنل چرچز کے 9رکنی وفد نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے وفد کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا۔اس موقع پرگورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت، استحکام اور ترقی و خوشحالی میں مسیحی برادری کا کردار مثالی رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام لوگوں کو برابر کے حقوق حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری نے ہر مشکل وقت میں پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں انصاف کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔ گورنر نے کہا کہ آپ لوگوں کی پاکستان سے محبت اور کمٹمنٹ پر کسی کو شک و شبہ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے میں مسیحی برادری کا بڑا ہاتھ تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہی قومیں ترقی کی منازل طے کرتی ہیں جو مل کر جدوجہد کرتی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں