بھارتی جاسوس حامد نہال انصاری کی رہائی کشمیریوں کے قتل عام پر بھارت کو’’ تحفہ ‘‘ہے‘سینیٹر سراج الحق

کلبھوشن یادیو پاکستان کی قید میں ہے لیکن اسکا نیٹ ورک بھی فعال ہے ،صوبے میں دہشتگردی کی کاروائیاں بڑھ گئی ہیں اٹھارویں ترمیم میں جو اختیارات صوبوں کو دیے گئے ہیں ان پر کماحقہ عملدرآمد کی ضرورت ہے ‘اجلاس سے خطاب میڈیا سے گفتگو

پیر 17 دسمبر 2018 21:02

بھارتی جاسوس حامد نہال انصاری کی رہائی کشمیریوں کے قتل عام پر بھارت کو’’ تحفہ ‘‘ہے‘سینیٹر سراج الحق
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو پاکستان کی قید میں ہے لیکن اس کا نیٹ ورک بھی فعال ہے ،صوبے میں دہشتگردی کی کاروائیاں بڑھ گئی ہیں ، بھارتی جاسوس حامد نہال انصاری کی رہائی پاکستان کی طرف سے کشمیریوں کے قتل عام پر بھارت کو’’ تحفہ ‘‘اور کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے،بلوچستان میں خشک سالی کی وجہ سے بہت بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتاہے ، پینے کے پانی کا جلد انتظام نہ کیا اور ڈیم نہ بنائے گئے تو لاکھوں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو جائیں گے ،بلوچستان سے ترقیاتی پیکیج کے جو وعدے سابقہ اور موجودہ حکومت نے کیے ہیں ، ان پر فوری عملدرآمد کا آغاز کیاجائے ، اٹھارویں ترمیم میں جو اختیارات صوبوں کو دیے گئے ہیں ان پر کماحقہ عملدرآمد کی ضرورت ہے ، پاکستان میں مہنگائی کا راج ہے ، عوام کا نظام زندگی مفلوج ہوگیاہے ،بلوچستان کے عوام کی شرکت کے بغیر سی پیک بے معنی ہوگا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے کوئٹہ میں جماعت اسلامی بلوچستان کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی و دیگر بھی موجو د تھے ۔سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے خود اعتراف کیاہے کہ وہ چار ماہ میں کوئی تبدیلی نہیں لاسکے ۔

جو حکومت چار ماہ سے ڈائریکشن معلوم کرنے میں مصروف ہے ،اسے ایکشن کے لیے تو کئی سال درکار ہوں گے ۔ انہوںنے کہاکہ وفاقی حکومت کی طرف سے صوبے میں ڈیم اور موٹروے تعمیر کرنے کے وعدوں پر عمل نہیں ہوسکا۔ لوگوں میں ایک ایک کلو آٹا تقسیم کرنے سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوںگے ۔ بلوچستان کی صورتحال کے پیچھے بھارتی سازشوں کا بھی بڑا عمل دخل ہے ۔

بلوچستان سے اب بھی ہزاروں لوگ لاپتہ ہیں جن کے بارے میں کچھ نہیں بتایا جارہا۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ بلوچستان کی محرومیوں کا فوری ازالہ کرنے کی ضرورت ہے ۔اب تک ہر حکومت نے بلوچستان کے عوام کو وعدوں پر ٹرخانے کا سلسلہ جاری رکھاہے جس سے صوبے کے عوام کا وفاقی حکومت پر اعتماد ختم ہو کر رہ گیاہے ۔سوئی گیس کی مد میں صوبے کے اربوں روپے وفاق پر واجب الادا ہیں ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ بلوچستان پورے ملک کو گیس دے رہاہے مگر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے بہت سے علاقے ابھی تک اس نعمت سے محروم ہیں اور جہاں گیس پہنچ چکی ہے ، وہاں بھی پریشرکم ہے ۔بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام پر عالمی خاموشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جب تک ہندوستان کشمیر پر ناجائز قبضہ ختم کر کے کشمیریوں کو حق خود ارادیت نہیں دیتا ، عالمی برادری ، خصوصاً اسلامی ممالک بھارت سے تعلقات ختم کریں ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے دیگر عالمی اداروں کی خاموشی ناقابل معافی جرم ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں