مقدس صفحات اور اخبارات میں چیزوں کی پیکنگ پر پابندی عائد

پنجاب حکومت نے دفعہ 144 کے تحت مقدس صفحات اور اخبارات میں چیزوں کی پیکنگ پر پابندی لگا دی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 17 دسمبر 2018 20:54

مقدس صفحات اور اخبارات میں چیزوں کی پیکنگ پر پابندی عائد
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-17 دسمبر 2018ء) :پنجاب حکومت نے دفعہ 144 کے تحت مقدس صفحات اور اخبارات میں چیزوں کی پیکنگ پر پابندی لگا دی۔تفصیلات کے مطابق ہمارے ہاں پیکنگ کے لیے استعمال ہونے والی اشیاء میں سے ایک اہم ترین چیز اخبار ہے اور اس کے علاوہ مقدس تحریروں والے کاغذ بھی اکثروبیشتر پیکنگ کے لیے استعمال ہو جاتے ہیں چاہے دانستہ ہوں یا نادانستہ انداز میں ہوں ۔

اس طرح اخبارات اور مقدس کاغذات کو پیکنگ کے لیے استعمال کرنے سے ان مقدس اوراق کی بے حرمتی کا پہلو سامنے آتا تھا۔متعدد بار اس پہلو پر حکومتی توجہ دلائی گئی مگر حکومت نے اس حوالے سے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا۔اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ بھی ہے کہ پنجاب حکومت نے مقدس اوراق اور اخبارات کو پیکنگ کے لیے استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ مقدس اوراق اور اخبارات سے پیکنگ کرنے کی مکمل ممانعت ہوگی۔واضح ہو دوسری جانب پنجاب حکومت پلاسٹک کے شاپنگ بیگ پر بھی پابندی عائد کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔اس حوالے سے کچھ روز قبل معروف کالم نگار ایاز امیر کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ پنجاب کی عوام کو پلاسٹک کے شاپنگ بیگ سے نجات دلائیں تو وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ چیز ابھی زیر غور ہے اور اس حوالے سے جلد قدم اٹھا لیا جائے گا۔                                                                                       

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں