چیف جسٹس ڈرائیونگ لائسنس بنوانے سی ٹی او آفس پہنچ گئے

چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ نے عام شہریوں کی طرح ڈرائیونگ لائسنس بنوایا اور سی ٹی او سے ٹریفک قوانین سے متعلق بریفنگ بھی لی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 18 دسمبر 2018 16:35

چیف جسٹس ڈرائیونگ لائسنس بنوانے سی ٹی او آفس پہنچ گئے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 دسمبر2018ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس انوارالحق ڈرائیونگ لائسنس بنوانے سی ٹی او آفس پہنچ گئے،چیف جسٹس نے عام شہریوں کی طرح ڈرائیونگ لائسنس بنوایا اور سی ٹی او سے ٹریفک قوانین سے متعلق بریفنگ بھی لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس انوارالحق ڈرائیونگ لائسنس بنوانے سی ٹی او آفس پہنچ گئے۔

چیف جسٹس ہائیکورٹ نے سی ٹی اولاہور ملک لیاقت سے ملاقات کی ۔ملاقات میں سی ٹی او نے انہیں ٹریفک قوانین سے متعلق بریفنگ بھی دی۔اس موقع پر چیف جسٹس انوارالحق نے عام شہریوں کی طرح سی ٹی او کے دفتر میں اپنا ڈرائیونگ لائسنس بھی بنوایا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ بغیر پروٹوکول سی ٹی او کے دفتر گئے۔ سی ٹی او ملک لیاقت نے چیف جسٹس کو ڈرائیونگ قوانین سے متعلق آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں ٹریفک قوانین کو پر عملدرآمد کیلئے اقدامات شروع کردیے گئے ہیں۔ راولپنڈی، اسلام آباد ، لاہور میں موٹرسائیکل سواروں کیلئے انتہائی سختی کردی گئی ہے کہ ٹریفک قوانین پر عمل کیا جائے۔ لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر موٹرسائیکل سواروں کیلئے ہیلمٹ کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔موٹرسائیکل پر بیٹھنے والے دونوں افراد کیلئے ہیلمٹ پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

جبکہ موٹرسائیکل سواروں کو اس بات کی بھی ہدایت کی گئی ہے کہ ہیلمٹ کے ساتھ سائیڈ مرر، اور لائٹیں اور اشارے بالکل ٹھیک ہونے چاہئیں۔ تاکہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جاسکے۔ راولپنڈی، اسلام آباد ، لاہور میں ٹریفک قوانین پر اس قدر پابندی سخت کردی گئی ہے کہ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو پٹرول بھی نہیں دیا جائے گا۔ تینوں شہروں کی ضلعی انتظامیہ نے پٹرول پمپ مالکان کو ہدایت نامہ جاری کیا ہے کہ کسی بھی جگہ پربغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو پٹرول نہ دیا جائے۔ جس پر پٹرول پمپ مالکان نے سختی سے عمل شروع کردیا ہے۔تاہم عوام کو ٹریفک قوانین کے احترام کا پابند بنانے کیلئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے آج سی ٹی او آفس میں خود جاکر ڈرائیونگ لائسنس بنوایا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں