اپوزیشن نے چیئرمین نیب سے ملاقات کے لئے خط لکھ دیا

نیب کے متنازعہ، غیرمنصفانہ اور معمول سے ہٹ کر اقدامات جمہوری عمل کو متاثر اورکمزور کررہے ہیں‘ خط کا متن

منگل 18 دسمبر 2018 18:50

اپوزیشن نے چیئرمین نیب سے ملاقات کے لئے خط لکھ دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) اپوزیشن نے قومی احتساب بیورو (نیب ) کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال سے ملاقات کے لئے خط ارسال کر دیا ۔اپوزیشن اراکین کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ فوری اور سنگین صورتحال سے آگا ہ کرنا ہے اس لئے چیئرمین ملاقات کیلئے وقت دیں۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ آپ کی توجہ نیب کی جانب سے ارکان پارلیمان کو ہراساں کرنے اور انتقام کا نشانہ بنانے کی طرف مبذول کرانا چاہتے ہیں۔

نیب کے متنازعہ، غیرمنصفانہ اور معمول سے ہٹ کر ہونے والے اقدامات پاکستان میں جمہوری عمل کو متاثر اورکمزور کررہے ہیں۔حزب اختلاف پختہ یقین پر کاربند ہے کہ کوئی شخص قانون سے بالا تر نہیں اور ملک میں احتساب کے عمل کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

(جاری ہے)

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن احتساب کے عمل کو پاکستان کے عوام کے مفاد کے تحفظ کے لئے ضروری تصور کرتی ہے۔

غیرمنطقی، یکطرفہ، متعصبانہ احتساب کا عمل صرف اپوزیشن ارکان پر دبائو اور سیاسی انتقام کے لئے استعمال ہو تویہ پارلیمان کی خودمختاری اور بالادستی کے لئے خطرہ بن جاتا ہے۔نیب کے حالیہ اقدامات اور اس کے حکام کے عوامی بیانات سے بدقسمتی سے اس ادارے کی غیرجانبداری، شفافیت اور ارادوں پر شدید تحفظات پیدا ہوئے ہیں۔خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ احتساب کے عمل کو اسلامی تعلیمات، پاکستان کے آئین، قانون، انصاف کے فطری اصولوں اور انسانی عزت و وقار کے مطابق ہونا چاہیے ۔خط میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے ارکان آپ سے ملاقات کے خواہشمند ہیں تاکہ آپ کو فوری نوعیت کی سنگین صورتحال سے آگاہ کرسکیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں